شازیہ عالم شازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زندگی کے سفر میں ساتھ ہو تم (غزل)
زندگی کے سفر میں ساتھ ہو تم
میرا دل میری کائنات ہو تم
دیکھ کر جس کو دیکھتی ہی رہوں
وہ سحر وہ حسین رات ہو تم
دل ہو بیکل جو بات سننے کو
وصل کی پیار کی وہ بات ہو تم
تم سے دوری کا کس طرح سوچوں
اے مری جاں مری حیات ہو تم
چمکتے چاند کھلتے پھول کے جیسے لگے مجھ کو (غزل)
چمکتے چاند کھلتے پھول کے جیسے لگے مجھ کو
تمہارے ساتھ گزرے دن بہت اچھے لگے مجھ کو
اگرچہ کچھ ہی دن تھے وہ مگر وہ دن قیامت تھے
وہی کچھ دن بہت بیتاب اب کرنے لگے مجھ کو
تمہارا ساتھ تھا جب تک تو غم بھی دور رہتے تھے
ہوئے تم دور جب مجھ سے تو غم ملنے لگے مجھ کو
کچھ ایسا غم ہوا ظاہر مرے چہرے سے فرقت کا
کتابوں کی طرح یہ لوگ اب پڑھنے لگے مجھ کو
محبت کرنے والے تھے تمہارے شہر والے سب
تمہاری ہوں تمہارے بعد بھی کہنے لگے مجھ کو
یہی دن تھے کہ جو مجھ کو کبھی تھے جان سے پیارے
یہی دن اب بہت ہی شازیہؔ کھلنے لگے مجھ کو