پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاذ تمکنت کی غزلیں — Shaz Tamkanat Ghazals

شاذ تمکنت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مرا ضمیر بہت ہے مجھے سزا کے لیے (غزل)

مرا ضمیر بہت ہے مجھے سزا کے لیے

تو دوست ہے تو نصیحت نہ کر خدا کے لیے

وہ کشتیاں مری پتوار جن کے ٹوٹ گئے

وہ بادباں جو ترستے رہے ہوا کے لیے

بس ایک ہوک سی دل سے اٹھے گھٹا کی طرح

کہ حرف و صوت ضروری نہیں دعا کے لیے

جہاں میں رہ کے جہاں سے برابری کی یہ چوٹ

اک امتحان مسلسل مری انا کے لیے

نمیدہ خو ہے یہ مٹی ہر ایک موسم میں

زمین دل ہے ترستی نہیں گھٹا کے لیے

میں تیرا دوست ہوں تو مجھ سے اس طرح تو نہ مل

برت یہ رسم کسی صورت آشنا کے لیے

ملوں گا خاک میں اک روز بیج کے مانند

فنا پکار رہی ہے مجھے بقا کے لیے

مہ و ستارہ و خورشید و چرخ ہفت اقلیم

یہ اہتمام مرے دست نارسا کے لیے

جفا جفا ہی اگر ہے تو رنج کیا ہو شاذؔ

وفا کی پشت پناہی بھی ہو جفا کے لیے

سانسوں میں بسے ہو تم آنکھوں میں چھپا لوں گا (غزل)

سانسوں میں بسے ہو تم آنکھوں میں چھپا لوں گا

جب چاہوں تمہیں دیکھوں آئینہ بنا لوں گا

یادوں سے کہو میری بالیں سے چلی جائیں

اب اے شب تنہائی آرام ذرا لوں گا

رنجش سے جدائی تک کیا سانحہ گزرا ہے

کیا کیا مجھے دعویٰ تھا جب چاہوں منا لوں گا

تصویر خیالی ہے ہر آنکھ سوالی ہے

دنیا مجھے کیا دے گی دنیا سے میں کیا لوں گا

کب لوٹ کے آؤ گے اصرار نہیں کرتا

اتنا مرے بس میں ہے میں عمر گھٹا لوں گا

کیا تہمتیں دنیا نے اے شاذؔ اٹھائی ہیں

اک تہمت ہستی تھی سوچا تھا اٹھا لوں گا

مجھے یاد پڑتا ہے اک عمر گزری (نظم)

مجھے یاد پڑتا ہے اک عمر گزری

لگاوٹ کی شبنم میں لہجہ ڈبو کر

کوئی مجھ کو آواز دیتا تھا اکثر

بلاوے کی معصومیت کے سہارے

میں آہستہ آہستہ پہنچا یہاں تک

بہ ہر سمت انبوہ آوارگاں تھا

بڑے چاؤ سے میں نے اک اک سے پوچھا

''کہو کیا تم ہی نے پکارا تھا مجھ کو

کہو کیا تم ہی نے پکارا تھا مجھ کو''

مگر مجھ سے انبوہ آوارگاں نے

ہراساں ہراساں پریشاں پریشاں

کہا صرف اتنا ''نہیں وہ نہیں ہم

ہمیں بھی بلا کر کوئی چھپ گیا ہے''