شاذ شرقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
عشق میں وہ بدنام ہوا ہے (غزل)
عشق میں وہ بدنام ہوا ہے
چرچا اس کا عام ہوا ہے
حق گوئی ہی ان کی خطا تھی
جن کا قتل عام ہوا ہے
اس دل پر کیا حق ہے میرا
یہ دل تیرے نام ہوا ہے
اک ابلا کی ہمدردی میں
وہ ناحق بدنام ہوا ہے
ساقی ہم پر بھی ہو توجہ
خالی کب کا جام ہوا ہے
صاف حریفوں کی سازش تھی
ثابت کب الزام ہوا ہے
عشق کی کیا ہو قدر وہاں پر
حسن جہاں نیلام ہوا ہے
شاذؔ کی قسمت ہے کچھ ایسی
وہ اکثر ناکام ہوا ہے
زندگی اک حباب ہے جیسے (غزل)
زندگی اک حباب ہے جیسے
اک سہانا سا خواب ہے جیسے
اس کے وعدے کا اعتبار عبث
وہ سراسر سراب ہے جیسے
حسن کی یہ شگفتگی واللہ
ایک تازہ گلاب ہے جیسے
دل عاشق میں جھانک کر دیکھو
کوئی خانہ خراب ہے جیسے
پیٹھ پیچھے کسی کی بد گوئی
آج کار ثواب ہے جیسے
مسکرانا وہ زیر لب ان کا
میرا یوم حساب ہے جیسے
اپنا ماضی وہ بھول بیٹھا ہے
خاندانی نواب ہے جیسے
صنف نازک کی اف یہ عریانی
ذہن و دل کا عذاب ہے جیسے
باب اس کے ہیں مختلف اے شاذؔ
زیست میری کتاب ہے جیسے