پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاز ملک کی غزلیں — Shaz Malik Ghazals

شاز ملک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل رواں جس کا ہو اک مرشد کامل کی طرف (غزل)

دل رواں جس کا ہو اک مرشد کامل کی طرف

کون روکے گا اسے جانے سے منزل کی طرف

چاہ کر بھی نہ اگر غم کا مداوا ہو تو پھر

میں چلی جاتی ہوں ایمان مفصل کی طرف

یہ مری ماں کی دعا کا ہی ثمر ہے جو مجھے

تند لہروں نے اچھالا بھی تو ساحل کی طرف

چاہتا کون ہے راہوں میں بھٹک جانا مگر

راستہ شر کا ہی لے جاتا ہے جاہل کی طرف

زنگ جب روح کے اوصاف کو لگتا ہے تو پھر

دھڑکنیں دوڑ کے جاتی ہیں نوافل کی طرف

دل مجھے کہتا ہے دھک دھک کی زباں میں یہ ہی

جنگ کر نفس سے تو دیکھ نہ باطل کی طرف

شاذؔ ہو جائے گا طے زیست کا بے نام سفر

دیکھ مت تشنہ نگاہوں سے تو محمل کی طرف

یہ سچ ہے روح کے اندر عقیدت سانس لیتی ہے (غزل)

یہ سچ ہے روح کے اندر عقیدت سانس لیتی ہے

تبھی تحریر میں میری شہامت سانس لیتی ہے

کوئی ناراض ہو جائے تو اکثر سوچتی ہوں میں

بشر کے دل میں جانے کیوں عداوت سانس لیتی ہے

شجر ہوں یا حجر ہوں یا گلوں کے رنگ ہوں صاحب

ہواؤں میں فضاؤں میں یہ قدرت سانس لیتی ہے

ذرا خوشیاں وہاں بھی بانٹ کر تم دیکھنا لوگو

اندھیروں میں جہاں گھنگھور غربت سانس لیتی ہے

سنو گر جستجو منزل کی ہے تو جان لینا تم

سفر کے راستوں میں ہی مسافت سانس لیتی ہے

تری خاموشیاں صاحب بڑی ہی جان لیوا ہیں

ترے ہونے سے ہی مجھ میں محبت سانس لیتی ہے

انا کے بت کو ٹھوکر مارنا ہی کامیابی ہے

انا کے بت میں ہی سچ ہے خباثت سانس لیتی ہے

اگر مطلب پرستی دل میں گھر کر لے تو پھر یارو

دلوں کے درمیاں بس یہ تجارت سانس لیتی ہے

پڑھے گی دل سے جب دنیا تجھے اے شاذؔ تو سن لے

سمجھ جائے گی تجھ میں کیوں ملاحت سانس لیتی ہے

مزید غزلیں از شاز ملک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں