پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاذ کی غزلیں — Shaz Ghazals

شاذ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس نے ہر موڑ پے خوشبو کا پتہ رکھا ہے (غزل)

اس نے ہر موڑ پے خوشبو کا پتہ رکھا ہے

میں نے ہر روز اسی عکس کو پا رکھا ہے

اس کے ہونٹوں پے ادھوری سی دعا ٹھہری ہے

دل نے ہر اشک کو پلکوں پے سجا رکھا ہے

اس کی باتوں میں چھپا درد بھی سچا نکلا

اس نے ہر جملے میں اک ساز بسا رکھا ہے

اب بھی اس رنگ کی شبنم ہے لبوں پر میرے

جس کو تیری ہی محبت نے سجا رکھا ہے

عشق کا افسانہ لکھ ڈالا فقط تحریر میں (غزل)

عشق کا افسانہ لکھ ڈالا فقط تحریر میں

خواب سارے ڈھل گئے پھر اس کی ہی تعبیر میں

آئنہ دیکھوں تو تیرا عکس ہی دکھتا مجھے

عشق تیرا ڈھل گیا کیا میری بھی تصویر میں

تو جو غائب ہو گیا پھر بھی نظارے ساتھ ہیں

کچھ تو باقی رہ گیا ہوگا میری تقدیر میں

نام جب بھی لب پے آیا دل نے اک آواز دی

تیری آوازیں یوں مل جائیں مری تقریر میں

میں تھا یا تیرا اثر تھا فرق اب باقی نہیں

خود کو پایا جب نظر آیا تری زنجیر میں

رات بھر جاگا کیا تجھ کو ہی سوتے دیکھ کر

چاند بھی جلتا رہا تیری ہی تو تاثیر میں

سورج کی پہلی کرن (نظم)

سورج کی پہلی کرن

جب بند پلکوں پر دستک دیتی ہے

جیسے کہتی ہو

ایک اور دن تمہارے نام کیا ہے

اور وہ چاند

جو رات کی نمی میں

ساری تنہائیاں سمیٹ لیتا ہے

جیسے کوئی پرانا دوست

جو کچھ کہے بنا بھی بہت کچھ کہہ جاتا ہے

یہ پیڑ یہ پتے

یہ ہوا کا دھیمے سے گالوں کو چھو جانا

کسی جھرنے کا دور سے آتا

سروں جیسا بہاؤ

یہ سب جیسے خدا نے فرصت میں بنایا ہو

تاکہ ہم بس دیکھیں

محسوس کریں

اور شکر ادا کریں

پر دیکھنا ابھی باقی ہے

ابھی تو بہت کچھ ہونا ہے

میرے بچوں کو بڑا ہوتے دیکھنا ہے

انہیں اپنی پہچان بناتے

اپنے خوابوں میں میرا نام جوڑتے دیکھنا ہے

کوئی نئی کھوج ہو کوئی جنگ ختم ہو

کوئی جھنڈی لہرائے

کسی شانتی کی

کسی کی آنکھوں میں اب بھی

محبت کی پہلی چمک دیکھنی ہے

کیا یہ سب دیکھے بنا

چلے جانا ضروری ہے

کیا ہم بس اسی لئے آئے تھے

کہ ایک دن لوٹ جائیں

بنا پورے ہوئے

بنا دیکھے ہوئے

کاش

میں ایک شاخ پر بیٹھا رہ سکوں

کسی دھوپ کی کرن میں

کسی کھڑکی سے جھانکتا رہ سکوں

بنا آواز کے

بس موجود رہ سکوں

دیکھنے کے لیے

کیا ہم یہیں نہیں رہ سکتے

صرف دیکھنے کے لیے

صرف محسوس کرنے کے لیے

بنا کسی وقت کی بندش کے

بنا کسی کے ڈر کے

رہ جائیں یہاں

ایک پیڑ کی طرح

ایک روشنی کی طرح

ایک سانس کی طرح

اور اگر یہ ممکن نہیں

کہ ہم یہیں رہ سکیں ہمیشہ کے لیے

تو چلو یوں کریں

ہر پل کو ویسے جی لیں

جیسے ہم یہیں رہیں گے

ہمیشہ کے لیے

مزید غزلیں از شاذ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں