شوق اثری رامپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لٹ گئے اہل غم جل گئے آشیاں برق کا تلملانا غضب ہو گیا (غزل)
لٹ گئے اہل غم جل گئے آشیاں برق کا تلملانا غضب ہو گیا
جن کے آنے کی مانگی تھی برسوں دعا ان بہاروں کا آنا غضب ہو گیا
فکر ہستی گئی فکر دنیا گئی آسماں کے گلے غم کی بپتا گئی
ہو گئے گل سبھی جگمگاتے دیے شمع الفت جلانا غضب ہو گیا
آنکھ پر آب مغموم ہے زندگی دل ہے بیتاب آنکھوں سے نیند اڑ گئی
ان کی محفل میں جانا تو مشکل نہ تھا ان کی محفل سے آنا غضب ہو گیا
سامنے سے مرے جب بھی جاتے ہیں وہ رخ بچاتے ہیں نظریں چراتے ہیں وہ
پیار ان سے جتانا ستم ہو گیا راز دل کا بتانا غضب ہو گیا
چاند شرما گیا پھول قرباں ہوئے حسن کون و مکاں آ گیا وجد میں
شوقؔ کو دیکھ کر بزم میں آپ کا زیر لب مسکرانا غضب ہو گیا
حق نوا جرأت اظہار تک آ پہنچے ہیں (غزل)
حق نوا جرأت اظہار تک آ پہنچے ہیں
حوصلے اب رسن و دار تک آ پہنچے ہیں
شیخ صاحب بھی ہیں ساقی ترے میخانے میں
تیری جنت میں گنہ گار تک آ پہنچے ہیں
درد دل کا مرے افسانہ ہیں وہ دو آنسو
جو ترے پھول سے رخسار تک آ پہنچے ہیں
ان بیانوں سے مرا کوئی تعلق ہی نہیں
جو مرے نام سے اخبار تک آ پہنچے ہیں
امن عالم کی دعا کے لئے جو اٹھتے تھے
آج وہ ہاتھ بھی تلوار تک آ پہنچے ہیں
حل نکل آیا ہے گمراہئ دل کا جب سے
غم زمانے کے غم یار تک آ پہنچے ہیں
دیکھیے ان کو چمن میں نظر آئے کیا کیا
شوقؔ جو نرگس بیمار تک آ پہنچے ہیں