شوکت واسطی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں چلا جاؤں گا رہ جائے گا افسانہ مرا (غزل)
میں چلا جاؤں گا رہ جائے گا افسانہ مرا
ذکر کرتے ہی رہیں گے سب حریفانہ مرا
مے مجھے ممنوع ساغر دسترس سے دور ہے
اور فرماتا ہے ساقی ہے یہ مے خانہ مرا
اب تو جانا ہی نہیں ہوتا ہے وعدہ گاہ میں
مدتوں تک یہ رہا معمول روزانہ مرا
کھینچتا ہے کون سا احساس اب اس کی طرف
ہو چکا ہے جس سے یکسر قلب بیگانہ مرا
بوریا موجود ہے آنکھیں بھی فرش راہ میں
آئیے تو گھر ہے یہ حاضر غریبانہ مرا
کیفیت باہم محبت میں وہ سرشاری کی ہے
عاشقانہ ان کا طور انداز جانانہ مرا
پوچھتا پھرتا ہے شوکتؔ کوئی میرے بعد اب
کیا ہوا رہتا تھا یاں جو ایک دیوانہ مرا
بکھرے تو پھر بہم مرے اجزا نہیں ہوئے (غزل)
بکھرے تو پھر بہم مرے اجزا نہیں ہوئے
سرزد اگرچہ معجزے کیا کیا نہیں ہوئے
جو راستے میں کھیت نہ سیراب کر سکے
کیوں جذب دشت ہی میں وہ دریا نہیں ہوئے
انسان ہے تو پاؤں میں لغزش ضرور ہے
جرم شکست جام بھی بے جا نہیں ہوئے
ہم زندگی کی جنگ میں ہارے ضرور ہیں
لیکن کسی محاذ سے پسپا نہیں ہوئے
انساں ہیں اب تو مدتوں ہم دیوتا رہے
شکلیں نہیں بنیں جو ہیولیٰ نہیں ہوئے
ٹھہرو ابھی یہ کھیل مکمل نہیں ہوا
جی بھر کے ہم تمہارا تماشا نہیں ہوئے
ہر سر سے آسمان کی چھت اٹھ نہیں گئی
کب تجربے میں شہر یہ صحرا نہیں ہوئے
شوکتؔ دیار شوق کی رونق انہی سے ہے
جو اپنی ذات میں کبھی تنہا نہیں ہوئے