پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شوکت پردیسی کی غزلیں — Shaukat Pardesi Ghazals

شوکت پردیسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی امید بر نہیں آتی (غزل)

کوئی امید بر نہیں آتی

کوئی چھٹی نظر نہیں آتی

حلوہ ملنا ہے پر نہیں ملتا

چائے آنی ہے پر نہیں آتی

جو پڑوسی کے گھر میں آئی ہے

وہ مٹھائی ادھر نہیں آتی

دودھ گھی گر نظر نہیں آتا

بو بھی اس کی مگر نہیں آتی

امتحاں کیا قریب ہے یارو

نیند کیوں رات بھر نہیں آتی

ٹیچروں سے نجات پانے کی

کوئی صورت نظر نہیں آتی

ہم کو مرغا بنا کے کرسی پر

شرم اے ماسٹر نہیں آتی

روز پڑھنا بھی اک مصیبت ہے

چھٹیوں کی خبر نہیں آتی

سارے ٹیچر ہوں خوش سدا ہم سے

اس کی صورت نظر نہیں آتی

بس ریاضی کو دیکھ کر چپ ہوں

ورنہ کیا بات کر نہیں آتی

خوب سوتے مزے سے ہم لیکن

کوئی شب بے سحر نہیں آتی

میرے محبوب مرے دل کو جلایا نہ کرو (غزل)

میرے محبوب مرے دل کو جلایا نہ کرو

ساز چھیڑا نہ کرو گیت سنایا نہ کرو

جاؤ آباد کرو اپنی تمناؤں کو

مجھ کو محفل کا تماشائی بنایا نہ کرو

میری راہوں میں جو کانٹے ہیں تو کیوں پھول ملیں

میرے دامن کو الجھنے دو چھڑایا نہ کرو

تم نے اچھا ہی کیا ساتھ ہمارا نہ دیا

بجھ چکے ہیں جو دیے ان کو جلایا نہ کرو

میرے جیسا کوئی پاگل نہ کہیں مل جائے

تم کسی موڑ پہ تنہا کبھی جایا نہ کرو

یہ تو دنیا ہے سبھی قسم کے ہیں لوگ یہاں

ہر کسی کے لیے تم آنکھ بچھایا نہ کرو

زہر غم پی کے بھی کچھ لوگ جیا کرتے ہیں

ان کو چھیڑا نہ کرو ان کو ستایا نہ کرو

سہانی رات میں دل کش نظارے یاد آتے ہیں (نظم)

سہانی رات میں دل کش نظارے یاد آتے ہیں

نہیں ہو تم مگر وہ چاند تارے یاد آتے ہیں

اسی صورت سے دن ڈھلتا ہے سورج ڈوب جاتا ہے

اسی صورت سے شبنم میں ہر اک ذرہ نہاتا ہے

تڑپ جاتا ہوں میں جب دل ذرا تسکین پاتا ہے

اسی انداز سے مجھ کو سہارے یاد آتے ہیں

اکیلے میں تمہاری یاد سے بچ کر کہاں جاؤں؟

لب خاموش کی فریاد سے بچ کر کہاں جاؤں؟

تمہیں کہہ دو دل ناشاد سے بچ کر کہاں جاؤں؟

کنایوں کو بھلاتا ہوں اشارے یاد آتے ہیں

نگاہوں میں ابھی تک ہے اسی دن رات کا منظر

تمہارے ساتھ میں بیتے ہوئے لمحات کا منظر

مچلتے، مسکراتے، جاگتے، جذبات کا منظر

تصور آفریں وہ شاہ پارے یاد آتے ہیں

مری نظروں سے اوجھل اب مقام جہد ہستی ہے

نہ وہ احساس عشرت ہے، نہ وہ انجم پرستی ہے

اکیلا جان کر مجھ کو مری تنہائی ڈستی ہے

مجھے بیتے ہوئے لمحات سارے یاد آتے ہیں

تمناؤں کے میلے اب نہیں لگتے کبھی دل میں

کشش باقی رہی کوئی نہ راہوں میں، نہ منزل میں

دھواں سا اب نظر آتا ہے مجھ کو ماہ کامل میں

تمہارے ساتھ جتنے دن گزارے یاد آتے ہیں

گلہ اس کا نہیں کیوں تم نے مجھ سے اپنا منہ موڑا

نہیں قابو تھا اپنے دل پہ پیمان وفا توڑا

تمہاری یاد نے لیکن نہ کیوں اب تک مجھے چھوڑا

یہ کیوں پیہم مجھے پیماں تمہارے یاد آتے ہیں

مزید غزلیں از شوکت پردیسی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں