شوکت صبا کیفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دن بہت رات بہت صبح بہت شام بہت (غزل)
دن بہت رات بہت صبح بہت شام بہت
آئے ہر وقت مرے حصے میں الزام بہت
اپنے کردار سے مایوس نہیں ہوتا میں
کام آ جاتا ہوں رہتے ہوئے ناکام بہت
زہر و رسوائی کبھی ہے تو کبھی دار و صلیب
پائے عشاق نے سچ کہنے کے انعام بہت
اس لئے ہو گیا مشہور زمانے بھر میں
میرے رشتوں نے مجھے کر دیا بدنام بہت
ظلمت غم ہی مرے گھر کا مقدر ٹھہری
زخم کی شمع سے روشن ہیں در و بام بہت
وقت کی مہربانیاں ہیں بہت (غزل)
وقت کی مہربانیاں ہیں بہت
فاصلے اب بھی درمیاں ہیں بہت
در و دیوار پر ہے ایک سکوت
آج گھر میں اداسیاں ہیں بہت
اور چہروں پہ تبصرہ بے سود
اپنے اندر بھی خامیاں ہیں بہت
آؤ پھر اک حسیں گناہ کریں
اپنے حصے میں نیکیاں ہیں بہت
ٹوٹ کر اس لئے صباؔ بکھرے
خشک پتوں میں آندھیاں ہیں بہت
مزید غزلیں از شوکت صبا کیفی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں