شوکت مہدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مرے لیے مری پرواز کے لیے کم ہے (غزل)
مرے لیے مری پرواز کے لیے کم ہے
ہزار جست تگ و تاز کے لیے کم ہے
یہ دو جہان بھی میرے لیے نہیں کافی
یہ انتہا مرے آغاز کے لیے کم ہے
یہ میرے قتل پہ آمادہ کون دکھتا ہے
کہ ناروا بھی در انداز کے لیے کم ہے
کوئی صدا ہے کہ پی ہے کسی پپیہے کی
گمان یہ کسی آواز کے لیے کم ہے
روانہ کی تو گئی ہے پہ کیا کیا جائے
کہ یہ کمک مرے دم ساز کے لیے کم ہے
مجھے غزل کے نئے خال و خد بنانے ہیں
مرا ہنر مرے اعجاز کے لیے کم ہے
علاج چارہ گراں عام کیجئے مہدیؔ
تمام عمر بھی اس کاز کے لئے کم ہے
دستک پہ کوئی بھی نہ مجھے آن کر ملا (غزل)
دستک پہ کوئی بھی نہ مجھے آن کر ملا
برسوں کے بعد بھی وہ مجھے بند در ملا
قسمت میں حادثات کی لکھی ہوئی تھی دھوپ
رستے میں سایہ دار نہ کوئی شجر ملا
بچوں سے چھن گیا میں تلاش معاش میں
چھٹی کے باوجود میں ان کو نہ گھر ملا
بیوی سے روز روز کے جھگڑوں سے آخرش
لوگوں کو اس کا ریل کی پٹری پہ سر ملا
ہاتھوں میں خواہشات کے کاسے لئے ہوئے
مجھ کو سکون دل سے تہی ہر بشر ملا
خدشات بھی نہ سچ سے مجھے باز رکھ سکے
جھوٹی گواہیوں کا نہ مجھ کو ہنر ملا
اس کی عنایتوں سے جھکی شاخ شاخ کو
مہدیؔ توقعات سے بڑھ کر ثمر ملا