شوکت کاظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ایک آسیب کا سایہ تھا جو سر سے اترا (غزل)
ایک آسیب کا سایہ تھا جو سر سے اترا
جیسے اک طائر منحوس شجر سے اترا
یوں لگا جیسے گرانباریٔ شب ختم ہوئی
غازۂ کذب و ریا روئے سحر سے اترا
اپنا گھر بھی مجھے زنداں کی طرح لگتا تھا
زنگ آلود سا تالا مرے در سے اترا
شاید اب تلخ حقائق سے شناسائی ہو
کور چشمی کا یہ پردہ سا نظر سے اترا
غم کا اظہار نہیں اشک ندامت جانو
قطرۂ آب اگر دیدۂ تر سے اترا
رہرو دشت بلا رنج سفر بھولے گا
تخت بلقیس اگر گرد سفر سے اترا
اب شفق رنگ اجالوں کا سماں دیکھیں گے
حلقۂ ابر سیہ شمس و قمر سے اترا
ایاغ دل نہ بھرا تھا مگر چھلک بھی گیا (غزل)
ایاغ دل نہ بھرا تھا مگر چھلک بھی گیا
کہ ایک قطرۂ خوں کر کے نم پلک بھی گیا
بدن قفس سہی روحیں بھی آشنا نہ ہوئیں
تری تلاش میں حد جنوں تلک بھی گیا
کچھ اس کو پانے کا تب بھی یقیں تھا اب بھی نہیں
دکھا کے گرچہ وہ موہوم سی جھلک بھی گیا
رسا ہوا نہ ہوا بھید کھل نہیں پایا
جو ایک نالۂ شب جانب فلک بھی گیا
ردائے ابر بلائے ہوا سے چاک ہوئی
تو کیا ہے سر سے جو آنچل ترا ڈھلک بھی گیا
سرا بھی ہاتھ میں تھا کھولنے کی فکر بھی تھی
مگر وہ عقدۂ پر پیچ و گنجلک بھی گیا
یہ انس و جان سدا سے خطا کے پتلے تھے
پہ ہو کے راندۂ درگاہ اب ملک بھی گیا