پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شوکت جمال کی غزلیں — Shaukat Jamal Ghazals

شوکت جمال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجھے چمن میں گلوں سے تیری سیاہ زلفوں کی باس آئی (غزل)

مجھے چمن میں گلوں سے تیری سیاہ زلفوں کی باس آئی

بھلا چکا تھا جسے مرا دل وہ یاد پھر دل کے پاس آئی

ہے کج ادائی کا تیری چرچا زمانے بھر میں اے جان جاناں

صبا بھی تیری گلی سے لوٹی تو دل شکستہ اداس آئی

پلا نہ ساقی تو خم سے اپنے کہ تشنگی یہ عجیب سی ہے

نظر کے ساغر سے ہی بجھے گی جو آج ہونٹوں پہ پیاس آئی

نہ ہے وفائی کا تم سے شکوہ گلہ نہ اپنے نصیب سے ہے

مجھے ہی طور وفا نہ آیا مجھے محبت نہ راس آئی

بگاڑ پائے نہ دشت و صحرا جنون و وحشت کا کچھ بھی شوکتؔ

مگر وہاں جب خرد گئی تو گنوا کے ہوش و حواس آئی

بچپن میں جو نظم پڑھی تھی میں نے ایک رسالے میں (نظم)

بچپن میں جو نظم پڑھی تھی میں نے ایک رسالے میں

عنواں اس کا بسا ہوا ہے اب تک یاد کے جالے میں

منی سے پوچھا تھا کسی نے منی تیرے دانت کہاں ہیں

اس کی بھولی بھالی باتیں دیکھو بچو درج یہاں ہیں

بے دانتوں کا منہ منی نے تھوڑا سا پھر کھولا تھا

آنسو بھر کے آنکھوں میں پھر دکھیاری نے بولا تھا

دانت جو میں نے سات برس میں دودھ پلا کر پالے تھے

ان کو لے گئے چوہے جو سب لمبی مونچھوں والے تھے

پت جھڑ کی یہ رت تھی لیکن چند دنوں اور راتوں کی

اگ آئی تھی ایک لڑی پھر موتی جیسے دانتوں کی

جب نانی دادی کو دیکھا تو ہم پر یہ راز کھلا

ہوتا ہے اک بار ہی بچو جو کچھ اس کے ساتھ ہوا

سات برس کے دانت گریں تو بے شک وہ اگ جاتے ہیں

لیکن ساٹھ برس کے ہوں تو لوٹ کے پھر کب آتے ہیں

مزید غزلیں از شوکت جمال ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں