شوکت ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کتاب کشف کی پہلی کہانی لکھ رہا ہے (غزل)
کتاب کشف کی پہلی کہانی لکھ رہا ہے
مرے اندر کوئی کشفی کہانی لکھ رہا ہے
لہو اور اشک میں بھیگا ہوا چپ کا پرندہ
کہانی لکھنے والے کی کہانی لکھ رہا ہے
مرے ایوان حیرت میں کہانی کار کوئی
کہیں بیٹھا ہوا سچی کہانی لکھ رہا ہے
میں ہر کردار میں اس کے مقابل آ گیا ہوں
مرا ہم زاد یہ کیسی کہانی لکھ رہا ہے
بڑا بے رحم ہے سفاک ہے گستاخ ہے وہ
سو اپنے عہد کی پوری کہانی لکھ رہا ہے
بڑی اچھی کہانی ہے ہوا اور بادباں کی
مسافر تو بڑی اچھی کہانی لکھ رہا ہے
اسی کا حوصلہ ہے جو خزاں رت میں بھی شوکتؔ
گلابوں سے محبت کی کہانی لکھ رہا ہے
اذان فجر کے آہنگ میں محو سخن ہے (غزل)
اذان فجر کے آہنگ میں محو سخن ہے
کوئی مجھ سے خدا کے رنگ میں محو سخن ہے
سواد شہر میں اتری ہوئی ہے شام گریہ
ہوا تو لہجۂ گل رنگ میں محو سخن ہے
میں لب بستہ کھڑا ہوں بے سماعت تو نہیں ہوں
سمے مجھ سے زبان سنگ میں محو سخن ہے
غزل سے میں نئی فرہنگ میں محو سخن ہوں
غزل مجھ سے نئی فرہنگ میں محو سخن ہے
مرے اندر پیمبر امن کا رہتا ہے شوکتؔ
وہی دنیا کے شور جنگ میں محو سخن ہے