پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شرون کمار ورما کی غزلیں — Sharvan Kumar Varma Ghazals

شرون کمار ورما کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

راس کب کس کو آئے مرے راستے (غزل)

راس کب کس کو آئے مرے راستے

میں بناتا رہا ہوں نئے راستے

میں نے پوچھا تھا کتنا سفر اور ہے

جانے کیا سوچ کر ہنس دئے راستے

اور پہرے بٹھا دیجئے راہ میں

اور کھل جائیں گے سوچ کے راستے

رک گیا ہوں تو گرد سفر تک نہیں

میں چلا تھا تو ہم راہ تھے راستے

سر میں سودا نہیں منزلوں کا رہا

مجھ کو آواز دیتے رہے راستے

دور ہوتی گئیں جس قدر منزلیں

ہم سے مانوس ہوتے گئے راستے

ہر قدم ایک مشعل سی جلتی گئی

جب چلے ہم تو بنتے گئے راستے

ٹوٹا ٹوٹا سا مرے ساتھ پڑا تھا وہ بھی (غزل)

ٹوٹا ٹوٹا سا مرے ساتھ پڑا تھا وہ بھی

میرے ہم دوش ہواؤں سے لڑا تھا وہ بھی

میں بھی اظہار تمنا پہ ہوا تھا نادم

سر جھکائے ہوئے کچھ سوچ رہا تھا وہ بھی

جانے کیا بات تھی بھیگا نہیں دامن اس کا

رات خواہش کے سمندر میں گرا تھا وہ بھی

وہ ملا تھا مری تکمیل کی خاطر مجھ سے

چند لمحوں میں مگر ٹوٹ گیا تھا وہ بھی

اجنبیت کی وہ کیا سخت گھڑی آئی تھی

مجھ کو غیروں کی طرح دیکھ رہا تھا وہ بھی

اپنی ہستی بھی ہواؤں میں کہیں کھو بیٹھا

اک بگولے کی طرح یوں تو اٹھا تھا وہ بھی

میں اس راہ پر جب چلا تھا تو میں تھا (نظم)

میں اس راہ پر جب چلا تھا تو میں تھا

مجھے اپنے بارے میں سب کچھ پتہ تھا

یقیں تھا کہ یہ راستہ میں نے خود ہی چنا ہے

مرے فیصلے میرے اپنے ہیں اور میں

انہیں جس طرح جب بھی چاہوں بدل دوں

میں سڑکوں پہ پھرتی ہوئی بھیڑ سے بھی الگ ہوں

مگر آج اس بھیڑ میں کھو گیا ہوں

ہر اک ملنے والے سے یہ پوچھتا ہوں

میں کیا ہوں کہاں ہوں

مگر سب ہی چپ خود میں کھوئے ہوئے ہیں

مزید غزلیں از شرون کمار ورما ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں