پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شرما تاثیر کی غزلیں — Sharmaa Taseer Ghazals

شرما تاثیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دوستی میں فاصلے ہوتے نہیں (غزل)

دوستی میں فاصلے ہوتے نہیں

پیار میں یہ تجزیے ہوتے نہیں

کیا ضروری ہے کہ وہ مجرم بھی ہوں

جن کے حق میں فیصلے ہوتے نہیں

سوچ کر تم یہ تعلق توڑتے

ٹوٹ کر پتے ہرے ہوتے نہیں

روشنی ہوتی نہیں اس بزم میں

جس میں شامل دل جلے ہوتے نہیں

معرکے سر ہوتے ہیں جن کے طفیل

ان کے اکثر تذکرے ہوتے نہیں

اپنے تو اپنے ہی ہوتے ہیں فقط

اپنوں میں اچھے برے ہوتے نہیں

ان کا ڈر جاتا نہیں تاثیر کیوں

ہاں وہی جو حادثے ہوتے نہیں

زمانے بھر میں رسوائی ہوئی ہے (غزل)

زمانے بھر میں رسوائی ہوئی ہے

بہت اپنی پذیرائی ہوئی ہے

بھلاوا جس کا ہم کو دے رہے ہو

وہ جنت اپنی ٹھکرائی ہوئی ہے

کہے گا کون اس کو مسکراہٹ

جو رخ پر تو نے چپکائی ہوئی ہے

نکالو بھیڑ سے مجھ کو نکالو

وبال جاں یہ تنہائی ہوئی ہے

خدایا پوچھ تو ان رہبروں سے

یہ خلقت کس کی بہکائی ہوئی ہے

صداقت جیت جائے گی یہ مانا

ابھی تو اس کی پسپائی ہوئی ہے

کسی کو دیکھنے کی اف یہ خواہش

کسی کی آنکھ پتھرائی ہوئی ہے

مزید غزلیں از شرما تاثیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں