شرجیل انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جو لوگ آدھے ادھورے اداس رہتے ہیں (غزل)
جو لوگ آدھے ادھورے اداس رہتے ہیں
انہیں سکھاؤں گا کیسے اداس رہتے ہیں
اداس تم ہو وہاں پر اداس ہم ہیں یہاں
کبھی ملو تو اکٹھے اداس رہتے ہیں
بنائے رکھتے ہیں ہر حال میں توازن ہم
کہ خوش بھی اتنے تھے جتنے اداس رہتے ہیں
اداسی تیرے ملازم نئے ہیں ہم لیکن
پرانے والوں سے اچھے اداس رہتے ہیں
شریک ہوتے ہیں کم محفل اداسی میں
زیادہ تر تو اکیلے اداس رہتے ہیں
تمہارے سامنے جلتا نہیں ہے ان کا چراغ
کہ چاند ہو تو ستارے اداس رہتے ہیں
کسے دکھاؤ گے اپنی اداسیاں شرجیلؔ
یہاں تو تم سے بھی اچھے اداس رہتے ہیں
کبھی دریچہ کبھی در دھڑکنے لگتا ہے (غزل)
کبھی دریچہ کبھی در دھڑکنے لگتا ہے
ہمارے دل کی طرح گھر دھڑکنے لگتا ہے
وہ دل بناتا ہے پتھر پہ اتنی خوبی سے
پھر اس کے بعد تو پتھر دھڑکنے لگتا ہے
جڑے ہیں سارے نظارے اسی کی نظروں سے
وہ دیکھتا ہے تو منظر دھڑکنے لگتا ہے
کبھی کبھی تو یہ ہوتا ہے بے قرار اتنا
نکل کے سینے سے باہر دھڑکنے لگتا ہے
ذرا سی دیر برابر میں بیٹھتا ہے کوئی
ہمارا دل بھی برابر دھڑکنے لگتا ہے
عجیب بات ہے جب ٹوٹتا ہے دل شرجیلؔ
کچھ اور پہلے سے بہتر دھڑکنے لگتا ہے