پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شارقہ ملک کی غزلیں — Shariqa Malik Ghazals

شارقہ ملک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اپنی مٹی سے رشتہ نبھایا کرو (غزل)

اپنی مٹی سے رشتہ نبھایا کرو

جب بھی فرصت ملے گاؤں جایا کرو

اپنے پرکھوں کی جب یاد آئے تمہیں

پیڑ کی چھاؤں میں بیٹھ جایا کرو

ہیں نئی قربتیں بھی ضروری مگر

کچھ پرانے بھی رشتے نبھایا کرو

اس مئی جون کی چیختی دھوپ میں

کچھ پرندوں کو پانی پلایا کرو

سوکھ کر آنکھیں پتھر سی ہو جائیں گی

اتنے آنسو نہ ان سے بہایا کرو

سخت دل ہے تو نرمی سے جیتو اسے

یعنی پتھر سے ہیرے بنایا کرو

آسمانوں میں اڑنے کی کوشش میں تم

گر بھی جاؤ تو پر پھڑپھڑایا کرو

کیا ضروری ہے کوئی بہانا ہی ہو

بے سبب بھی کبھی مسکرایا کرو

ہر بات پہ پلکوں کو بھگویا نہیں کرتے (غزل)

ہر بات پہ پلکوں کو بھگویا نہیں کرتے

رونا بھی اگر آئے تو رویا نہیں کرتے

دن بھر ہمیں آرام کا اک پل نہیں ملتا

گھر جا کے بھی آرام سے سویا نہیں کرتے

منزل کا نشاں ہوتا ہے چھالوں کا لہو بھی

ہم پاؤں کے زخموں کو یوں دھویا نہیں کرتے

چاہت سے ملا ہو کہ مقدر سے ملا ہو

پا لیتے ہیں جس کو اسے کھویا نہیں کرتے

جن پیڑوں کی شاخوں پہ ہوں نفرت کے فقط پھل

بیج ان کے زمیں میں کبھی بویا نہیں کرتے

کچھ باتوں کو کہنے کی ضرورت نہیں ہوتی

ہر جذبے کو لفظوں میں پرویا نہیں کرتے

مزید غزلیں از شارقہ ملک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں