شارق میرٹھی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ترے بغیر ہے اب یہ مری خوشی اے دوست (غزل)
ترے بغیر ہے اب یہ مری خوشی اے دوست
خوشی ملے نہ مجھے عمر بھر کبھی اے دوست
ترا خیال تھا مقصود زندگی اپنا
تری طلب تھی اندھیرے میں روشنی اے دوست
اب اس کے بعد کسے آرزو ہے جینے کی
تری نگاہ کرم تک تھی زندگی اے دوست
تری جدائی میں اکثر یہ سوچتا ہوں میں
نہ جانے کیسے کٹے گی یہ زندگی اے دوست
جو تجھ کو ڈھونڈھنا چاہا تو کیا گناہ کیا
تری تلاش کوئی جرم تو نہ تھی اے دوست
ہنسا بھی ہوں میں بہت اس حیات فانی میں
اب آئے گی نہ لبوں پر کبھی ہنسی اے دوست
بڑا ستم ہے ملے تجھ سے تیرے شارقؔ کو
ترے جمال سے محروم زندگی اے دوست
کوئی کیا جانے اس کے حسن کی دنیا کہاں تک ہے (غزل)
کوئی کیا جانے اس کے حسن کی دنیا کہاں تک ہے
وہیں تک دیکھ سکتا ہے نظر جس کی جہاں تک ہے
تڑپتا ہوں کسی کی یاد میں اور یہ سمجھتا ہوں
یہ بے چینی محبت کی فقط عمر رواں تک ہے
خلش بڑھتی چلی جاتی ہے ہر لحظہ نگاہوں کی
خدا جانے ہمارے شوق کا عالم کہاں تک ہے
لگی ہے آگ سینے میں مگر یہ سوچ کر چپ ہوں
بھرم اہل محبت کا فقط ضبط فغاں تک ہے
کہیں ایسا نہ ہو اس کو ہوائے غم بجھا ڈالے
تمہارے رخ کی تابانی مرے سوز نہاں تک ہے
نہ گھبرائیں چمن والے نوید امن دیتا ہوں
رسائی بجلیوں کی صرف میرے آشیاں تک ہے
وفا کی منزلوں سے بے نیازانہ گزر شارقؔ
طبیعت کی پریشانی غم سود و زیاں تک ہے