پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شارق کیفی کی غزلیں — Shariq Kaifi Ghazals

شارق کیفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اک دن خود کو اپنے پاس بٹھایا ہم نے (غزل)

اک دن خود کو اپنے پاس بٹھایا ہم نے

پہلے یار بنایا پھر سمجھایا ہم نے

خود بھی آخر کار انہی وعدوں سے بہلے

جن سے ساری دنیا کو بہلایا ہم نے

بھیڑ نے یوں ہی رہبر مان لیا ہے ورنہ

اپنے علاوہ کس کو گھر پہنچایا ہم نے

موت نے ساری رات ہماری نبض ٹٹولی

ایسا مرنے کا ماحول بنایا ہم نے

گھر سے نکلے چوک گئے پھر پارک میں بیٹھے

تنہائی کو جگہ جگہ بکھرایا ہم نے

ان لمحوں میں کس کہ شرکت کیسی شرکت

اسے بلا کر اپنا کام بڑھایا ہم نے

دنیا کے کچے رنگوں کا رونا رویا

پھر دنیا پر اپنا رنگ جمایا ہم نے

جب شارقؔ پہچان گئے منزل کی حقیقت

پھر رستہ کو رستہ بھر الجھایا ہم نے

آئنے کا ساتھ پیارا تھا کبھی (غزل)

آئنے کا ساتھ پیارا تھا کبھی

ایک چہرے پر گزارا تھا کبھی

آج سب کہتے ہیں جس کو ناخدا

ہم نے اس کو پار اتارا تھا کبھی

یہ مرے گھر کی فضا کو کیا ہوا

کب یہاں میرا تمہارا تھا کبھی

تھا مگر سب کچھ نہ تھا دریا کے پار

اس کنارے بھی کنارا تھا کبھی

کیسے ٹکڑوں میں اسے کر لوں قبول

جو مرا سارے کا سارا تھا کبھی

آج کتنے غم ہیں رونے کے لیے

اک ترے دکھ کا سہارا تھا کبھی

جستجو اتنی بھی بے معنی نہ تھی

منزلوں نے بھی پکارا تھا کبھی

یہ نئے گمراہ کیا جانیں مجھے

میں سفر کا استعارہ تھا کبھی

عشق کے قصے نہ چھیڑو دوستو

میں اسی میداں میں ہارا تھا کبھی

اک برس اور کٹ گیا شارقؔ (نظم)

اک برس اور کٹ گیا شارقؔ

روز سانسوں کی جنگ لڑتے ہوئے

سب کو اپنے خلاف کرتے ہوئے

یار کو بھولنے سے ڈرتے ہوئے

اور سب سے بڑا کمال ہے یہ

سانسیں لینے سے دل نہیں بھرتا

اب بھی مرنے کو جی نہیں کرتا

مزید غزلیں از شارق کیفی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں