پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شارق جمال ناگپوری کی غزلیں — Shariq Jamal Nagpuri 1 Ghazals

شارق جمال ناگپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خواب ایسا بھی نظر آیا ہے اکثر مجھ کو (غزل)

خواب ایسا بھی نظر آیا ہے اکثر مجھ کو

لگا جبریل کا شہ پر مرا بستر مجھ کو

اپنے مقصد کے لیے لفظ بنا کر مجھ کو

کوئی دوڑاتا ہے کاغذ کی سڑک پر مجھ کو

ڈس نہ لے دیکھو کہیں دھوپ کا منظر مجھ کو

تم نے بھیجا تو ہے بل کھاتی سڑک پر مجھ کو

سب کو میں ان کی کتابوں میں نظر آتا ہوں

لوگ پڑھتے ہیں ترے شہر میں گھر گھر مجھ کو

کیوں نہ گھبراؤں کہ تنہا ہوں گھنا ہے جنگل

دور سے دیکھے ہے سناٹے کا لشکر مجھ کو

کیوں نہ صحرا کو نچوڑوں کہ مری پیاس بجھے

دے گا اک قطرہ نہ کنجوس سمندر مجھ کو

نیند جب تک تھی مری آنکھوں میں محفوظ تھا میں

قتل لمحوں نے کیا خواب سے باہر مجھ کو

میری آنکھوں کے دہکتے ہوئے شعلہ پہ نہ جا

سرد کتنا ہوں سمجھ ہاتھ سے چھو کر مجھ کو

وہ پگھلتا ہے کہ شارقؔ مرا تن جلتا ہے

دیکھے رکھ کر کوئی سورج کے برابر مجھ کو

ادھورا جسم لیے پیچھے ہٹ رہا ہوں میں (غزل)

ادھورا جسم لیے پیچھے ہٹ رہا ہوں میں

کہ اک کنارا ہوں دریا کا کٹ رہا ہوں میں

مرے وجود کو وسعت نہیں کسی بھی طرح

ہر ایک سمت سے ہر روز گھٹ رہا ہوں میں

اثر پذیر ہوں اک زلزلے سے ہستی کے

زمیں کے جیسے ہر اک سانس پھٹ رہا ہوں میں

ہیں میرے واسطے خنجر شعاعیں سورج کی

کھلی سڑک پہ ہوں ہر لمحہ کٹ رہا ہوں میں

ہے میرے سامنے تیرا کتاب سا چہرہ

اور اس کتاب کے اوراق الٹ رہا ہوں میں

پگھل رہا ہوں کھڑی دھوپ ہے مرے سر پر

کہ اک درخت کا سایہ ہوں گھٹ رہا ہوں میں

مرا وجود شکستہ سی ایک ناؤ سہی

بھنور کی لہروں سے تنہا نمٹ رہا ہوں میں

میں اک غزل ہوں مجھے کہئے کاوش غالب

کہ شہر شہر دماغوں میں بٹ رہا ہوں میں

مزید غزلیں از شارق جمال ناگپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں