پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شارق جمال کی غزلیں — Shariq Jamal Ghazals

شارق جمال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیرے حسن و جمال تک پہنچا (غزل)

تیرے حسن و جمال تک پہنچا

میں بھی کتنے کمال تک پہنچا

بعد مدت کے ذہن آشفتہ

ایک نازک خیال تک پہنچا

اے مرے شوق بے مثال مجھے

آج اس بے مثال تک پہنچا

اک زوال عروج سے ہو کر

میں عروج زوال تک پہنچا

ذہن آزاد ہو گیا میرا

جب یقیں احتمال تک پہنچا

تذکرہ حسن کے تناسب کا

پھر ترے خد و خال تک پہنچا

اک معمہ تھا میرا مستقبل

کتنی مشکل سے حال تک پہنچا

اس طرح میں ترے قریب آیا

جیسے ممکن محال تک پہنچا

یہ ہوس بھی کمال تک پہنچی

وہ بدن بھی کمال تک پہنچا

اک گلہ زندگی کے ہونے کا

ہوتے ہوتے ملال تک پہنچا

اک خلش سی رہی کہیں دل میں

ہجر جب بھی وصال تک پہنچا

تھا ازل سے سوال کے اندر

جو جواب اب سوال تک پہنچا

شارقؔ اس عشق کے وسیلے سے

میں جلال و جمال تک پہنچا

خود پہ الزام دھر گیا ہوں میں (غزل)

خود پہ الزام دھر گیا ہوں میں

کام مشکل تھا کر گیا ہوں میں

کیسی دہشت سے بھر گیا ہوں میں

خواب میں جیسے ڈر گیا ہوں میں

جانے کس شے کی ہے تلاش مجھے

کو بہ کو در بدر گیا ہوں میں

مجھ کو اب کیسے پا سکے گا کوئی

وقت تھا اور گزر گیا ہوں میں

میرے چاروں طرف اندھیرا ہے

کیا بتاؤں کدھر گیا ہوں میں

کل بھی کچھ درد کم نہ تھا لیکن

آج تو جیسے مر گیا ہوں میں

اب زمیں پر نہ جانے کیا ہوگا

آسماں سے اتر گیا ہوں میں

بے خبر ہی جہاں میں آیا تھا

اور یوں ہی بے خبر گیا ہوں میں

بعد مدت کے خود کو یاد آیا

بعد مدت کے گھر گیا ہوں میں

گرچہ محدود تھا مگر شارقؔ

شش جہت میں بکھر گیا ہوں میں

مزید غزلیں از شارق جمال ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں