پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شارق ایرایانی کی غزلیں — Shariq Irayani Ghazals

شارق ایرایانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

غزل وہی ہے جو ہو شاخ گل نشاں کی طرح (غزل)

غزل وہی ہے جو ہو شاخ گل نشاں کی طرح

اثر ہو جس میں جمال پری رخاں کی طرح

سمجھ رہے تھے کہ آساں ہے عشق کی منزل

حواس اڑنے لگے گرد کارواں کی طرح

اگر ہے دل میں کشش خود قریب آئیں گے

ابھی تو دور ہیں وہ مجھ سے آسماں کی طرح

مسرتوں کے خزینے بھی اس پہ قرباں ہیں

عزیز مجھ کو ترا غم ہے اپنی جاں کی طرح

سنا ہے جب سے میں خلوت‌ گزیں ہوں کچھ احباب

مری تلاش میں ہیں مرگ ناگہاں کی طرح

جہاں جہاں سے گزرتے ہیں اہل عشق و وفا

نقوش راہ چمکتے ہیں کہکشاں کی طرح

سخن شناس نہ ہوں جس مقام پر شارقؔ

وہاں ہیں شعر و غزل جنس رائیگاں کی طرح

جو بجھ سکے نہ کبھی دل میں ہے وہ آگ بھری (غزل)

جو بجھ سکے نہ کبھی دل میں ہے وہ آگ بھری

بلائے جاں ہے محبت میں فطرت بشری

قفس میں ہم نے ہزاروں اسیر دیکھے ہیں

رہا ہے کس کا سلامت غرور بال و پری

ترے جمال کے اسرار کون سمجھے گا

پناہ مانگ رہا ہے شعور دیدہ دری

سفر عدم کا ہے دشوار تو اکیلا ہے

مجھے بھی ساتھ لیے چل ستارۂ سحری

بنا بنا کے ہر اک شیشہ توڑ دیتا ہے

عجیب شے ہے مرے شیشہ گر کی شیشہ گری

تباہیوں کا زمانہ ہے ہوشیار رہو

خبر کے رنگ میں ظاہر ہوئی ہے بے خبری

جنوں کا مژدۂ فرصت کہ ان دنوں شارقؔ

خرد کا دست مبارک ہے وقف جامہ دری

مزید غزلیں از شارق ایرایانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں