پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شریف منور کی غزلیں — Shareef Munawwar Ghazals

شریف منور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مقبرہ بن جائے خود معمار کا (غزل)

مقبرہ بن جائے خود معمار کا

کیا بھروسہ ریت کی دیوار کا

کس طرف اٹھے قدم کس کو غرض

شہر میں چرچا رہا رفتار کا

غم زدہ تو مطمئن سا تھا مگر

کس نے سمجھا غم کسی غم خوار کا

میں ہوں اور ہر ذرۂ صحرا کا غم

تو ہے اور ماتم در و دیوار کا

رابطہ رکھئے ہر اک فن کار سے

شعر کہئے اپنے ہی معیار کا

اس سمندر میں گھرے ہیں ہم جہاں

کشتیوں پر بوجھ ہے پتوار کا

لہر جب اٹھے صدف ساحل پہ لائے

کوئی موقع بھی تو ہو اظہار کا

خامۂ بے روشنائی بھی ہوں میں

منتظر بھی ہوں کسی شہکار کا

مہر عالم تاب سر پر آ گیا

بجھ گیا سایا ہر اک دیوار کا

کوئی چہرہ ہو کہ ہو کوئی کتاب

سب پہ ہے جادو سمندر پار کا

اپنے دفتر سے نکلتے ہیں تو گھر جاتے ہیں (غزل)

اپنے دفتر سے نکلتے ہیں تو گھر جاتے ہیں

لوگ جینے کی تگ و دو میں بھی مر جاتے ہیں

رات بھر ہوتے ہیں کس طرح نہ جانے یکجا

صبح دم شہر کی سڑکوں پہ بکھر جاتے ہیں

شاخ گل کتنی ہی فصلوں کے اٹھاتی ہے عذاب

رنگ و بو پھول میں یوں ہی نہیں بھر جاتے ہیں

حادثے رہتے ہیں یوں عمر رواں کے ہم راہ

جیسے امواج کے ہم راہ بھنور جاتے ہیں

اجنبی شہر میں شاید کوئی اپنا مل جائے

جس جگہ بھیڑ نظر آئے ٹھہر جاتے ہیں

جب بھی مر جاتا ہے مفلس کسی کنبے کا کفیل

ایک کے ساتھ کئی اور بھی مر جاتے ہیں

مجھ کو معلوم ہے جب میں نہیں ہوتا موجود

خود بخود آپ کے گیسو بھی سنور جاتے ہیں

مزید غزلیں از شریف منور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں