پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شارب لکھنوی کی غزلیں — Sharib Lakhnavi Ghazals

شارب لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تبسم لب پر آنکھوں میں نمی ہے (غزل)

تبسم لب پر آنکھوں میں نمی ہے

خدا جانے یہ غم ہے یا خوشی ہے

جو منزل آج اہل ہوش کی ہے

وہ دیوانوں کی ٹھکرائی ہوئی ہے

کہاں جائے تھکا ماندہ مسافر

تو ہی سایہ تو ہی دیوار بھی ہے

ہزاروں ہیں سکون دل کے ساماں

یہ دنیا پھر بھی گھبرائی ہوئی ہے

اندھیرے چھو نہیں سکتے ہیں مجھ کو

کہ میرے ساتھ تیری روشنی ہے

زباں کہہ دے تو اک ہنگامہ ہو جائے

نظر معلوم کیا کیا دیکھتی ہے

نہ جانے کب ترا دامن چھوا تھا

مگر ہاتھوں میں اب تک تھرتھری ہے

وہ بیگانہ ہے اتنا زندگی سے

جسے جتنا شعور زندگی ہے

جفاؤں نے ہزاروں رنگ بدلے

وفا اپنی جگہ پر آج بھی ہے

چلو اے ذمہ داران محبت

فراز دار پر پھر روشنی ہے

مرے سمٹے ہوئے دامن کو شاربؔ

بڑی حیرت سے دنیا دیکھتی ہے

یہ زندگی تو بہت کم ہے دوستی کے لئے (غزل)

یہ زندگی تو بہت کم ہے دوستی کے لئے

کہاں سے وقت نکلتا ہے دشمنی کے لئے

یہ آتی جاتی ہوئی سانس زندگی کے لئے

اک امتحان مسلسل ہے آدمی کے لئے

یہ عہد نو کا اندھیرا ارے معاذ اللہ

ترس رہے ہیں چراغ اپنی روشنی کے لئے

انہیں گلوں کا تبسم تو دیکھ لینے دو

تمام عمر جو ترسا کئے ہنسی کے لئے

یہ اہل ہوش مرے راستے سے ہٹ جائیں

بہت ہے میرا جنوں میری رہبری کے لئے

کوئی رکے کہ چلے گر پڑے کہ تھک جائے

گزرتا وقت ٹھہرتا نہیں کسی کے لئے

کسے خبر تھی کہ جل جائے گا چمن شاربؔ

چراغ ہم نے جلائے تھے روشنی کے لئے

مزید غزلیں از شارب لکھنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں