شریف احمد شریف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کچھ بھی ہو اس سے جدائی کا سبب گھر جاؤ (غزل)
کچھ بھی ہو اس سے جدائی کا سبب گھر جاؤ
ڈھل چکی شام اندھیرا ہوا اب گھر جاؤ
شب میں گھس آتے ہیں آسیب مرے شہروں میں
تاک میں رہتی ہے یہ وحشت شب گھر جاؤ
لوگ حق مانگنے پہنچے تھے شہنشاہ کے پاس
نوک خنجر پہ ملا حکم کے سب گھر جاؤ
نہیں یہ زخم قبیلے کے لیے باعث ناز
قتل ہو لو کسی تلوار سے تب گھر جاؤ
ان سے وابستہ ہیں بچپن کی ہزاروں یادیں
چوم لینا در و دیوار کو جب گھر جاؤ
گاؤں میں کوئی تمہارے لیے بیکل ہے شریفؔ
جانے کب تم کو خیال آئے گا کب گھر جاؤ
ٹوٹے ہوئے دیوار و در اجڑی ہوئی تھی میری چھت (غزل)
ٹوٹے ہوئے دیوار و در اجڑی ہوئی تھی میری چھت
اس نے کہا کیا حال ہے میں نے کہا سب خیریت
بارات اک آتی ہوئی میت کوئی جاتی ہوئی
یہ زندگی ہے تہ بہ تہ کھلتی نہیں اس کی پرت
چہروں کی رنگت زرد سی محفل ہوئی کیوں سرد سی
باقی اگرچہ ہم میں ہے اب بھی وہی تاب و سکت
انساں پریشاں دہر میں وحشی درندے شہر میں
یکسر بدل کر رہ گئی کیسے مرے شہروں کی گت
سرمایہ داری کا سبو ہے جس میں انساں کا لہو
اس سے تو اچھی ہے کہیں میری یہ مے پینے کی لت