پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شریف احمد قریشی کی غزلیں — Shareef Ahmad Qureshi Ghazals

شریف احمد قریشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نیزے کی بلندی پہ ہے سر خم تو نہیں ہے (غزل)

نیزے کی بلندی پہ ہے سر خم تو نہیں ہے

یہ شان یہ توقیر بھی کچھ کم تو نہیں ہے

شب بھر کوئی رویا ہے سر فصل بہاراں

یہ برگ گل و لالہ پہ شبنم تو نہیں ہے

صد شکر کہ کھل اٹھے مرے زخم جگر اور

یہ طنزیہ پرسش تری مرہم تو نہیں ہے

اب بھی وہی دنیا ہے مناظر بھی وہی ہیں

دل کا مگر اب پہلے سا عالم تو نہیں ہے

یعنی کہ ابھی خم نہیں سر پیش سلاسل

نغمات کی لے اونچی ہے مدھم تو نہیں ہے

برسوں اسے سینچا ہے لہو دے کے کسی نے

گلشن کی یہ مٹی بھی یوں ہی نم تو نہیں ہے

گر زاد سفر عزم جواں ہو تو شریفؔ آج

ہے زیست جو دو دن کی تو کچھ کم تو نہیں ہے

حرف شیریں ہیں مگر لہجہ ہے نشتر جیسا (غزل)

حرف شیریں ہیں مگر لہجہ ہے نشتر جیسا

وضع پھولوں سی ہے کردار ہے پتھر جیسا

جس پہ ٹھہری ہے نظر میری بڑی مشکل سے

کاش اندر سے بھی وہ شخص ہو باہر جیسا

روح میں ہو چکا تحلیل مرا ہر عنصر

جسم کیا ہے فقط اک ظاہری پیکر جیسا

نرم ایسا ہے کہ ملتے ہی پگھل جاتا ہے

اور چھو لیجے تو ہو جائے ہے پتھر جیسا

تجھ میں ندیوں کی طرح موجیں نہ ہوں گی اک دن

میں بھی ہو جاؤں گا خاموش سمندر جیسا

لاکھ جھوٹا سہی معبود تو بن جاتا ہے

جس کی تقدیر میں فن کار ہو آذر جیسا

شور ندیوں کی طرح وہ کبھی کرتے ہی نہیں

حوصلہ رکھتے ہیں جو لوگ سمندر جیسا

وقت کا کوئی خدا اس کو جھکا سکتا نہیں

خون میں جس کے ہو جوہر کوئی جوہر جیسا

مزید غزلیں از شریف احمد قریشی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں