پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شرر نقوی کی غزلیں — Sharar Naqwi Ghazals

شرر نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تمہاری بزم میں جو لوگ جا کے بیٹھے ہیں (غزل)

تمہاری بزم میں جو لوگ جا کے بیٹھے ہیں

نصیب داؤ پہ اپنا لگا کے بیٹھے ہیں

یہ دو جہان کے افراد وقت کے ہیں غلام

بڑے بڑوں کو بھی ہم آزما کے بیٹھے ہیں

مدد کے واسطے آئے گا کون دیکھنا ہے

ہم اپنا درد سبھی کو سنا کے بیٹھے ہیں

ہے مطلبی یہ زمانہ کسی کا کوئی نہیں

دیا امید کا پھر بھی جلا کے بیٹھے ہیں

نہیں ہے کوئی بھی دیوانگی کا ذمے دار

خودی کا حال یہ خود ہی بنا کے بیٹھے ہیں

انہیں دکھائی نہیں دیتا مستحق کوئی

جو کائنات کی دولت دبا کے بیٹھے ہیں

جو دیکھتا ہے وہ کہتا ہے مطمئن ہم کو

یہ اور بات کے سب کچھ لٹا کے بیٹھے ہیں

عجیب حال ہے دنیا کا اے شرر نقویؔ

جنہیں تھا جھکنا وہی سر اٹھا کے بیٹھے ہیں

اے میرے عشق مجھے اور بیقرار نہ کر (غزل)

اے میرے عشق مجھے اور بیقرار نہ کر

وہ بے وفا ہے محبت کی حد کو پار نہ کر

بغور دیکھ مجھے تو اے سنگ دل دنیا

میں ایک پھول ہوں اس طرح سنگسار نہ کر

وہ بے وفا ہے نہیں جب اسے کوئی پرواہ

تو اپنے ذہن پہ تو بھی اسے سوار نہ کر

عجب یہ دل ہے نہیں مانتا مرا کہنا

میں اس سے روز یہ کہتا ہوں انتظار نہ کر

میں آج اس کے خیالوں میں جینا چاہتا ہوں

کہ آج مجھ کو پریشان میرے یار نہ کر

غموں سے چاک گریباں ہے اے شرر نقویؔ

کوئی یہ اس سے کہے اور تار تار نہ کر

مزید غزلیں از شرر نقوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں