پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شرر غازی پوری کی غزلیں — Sharar Ghazipuri Ghazals

شرر غازی پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سن سناتا ہوں اک کہانی سن (غزل)

سن سناتا ہوں اک کہانی سن

دے گئی جل مجھے جوانی سن

ہے ردا تیرے پاس تو دے دے

سر برہنہ ہے زندگانی سن

موسم گل میں دیکھ جلتا چمن

عندلیبوں کی نوحہ خوانی سن

شہر کا حال ان دنوں کیا ہے

میرے ہر زخم کی زبانی سن

سنسنی خیز سنسناہٹ میں

سن ہواؤں کی خوش بیانی سن

خار سے گل سے سبز موسم کی

داستان شرر فشانی سن

آتشیں کہہ رہا ہے اپنے کو

چڑھتے دریا کی لن ترانی سن

زندگی بن گئی ہے سنیاسن

یہ خبر ہے بہت پرانی سن

تبصرہ عہد پہ سناتا ہے

میری چھت سے ٹپکتا پانی سن

دلبر ہو دل ربا ہو زمانہ گواہ ہے (غزل)

دلبر ہو دل ربا ہو زمانہ گواہ ہے

تم پھر بھی بے وفا ہو زمانہ گواہ ہے

شبنم ہو گل ہو نکہت و نغمہ ہو با خدا

تاہم شرر نوا ہو زمانہ گواہ ہے

آہنگ دل کی بات نہ سمجھو گے تم کبھی

اک ساز بے صدا ہو زمانہ گواہ ہے

ہم تو ہیں جنم جنم سے آئینہ آشنا

تم سنگ آشنا ہو زمانہ گواہ ہے

یہ شام غم یہ کرب یہ تنہائیاں مری

ہر شے کے تم خدا ہو زمانہ گواہ ہے

ہر فکر میری ایک غزل ہے غزل کے تم

اک تنگ قافیہ ہو زمانہ گواہ ہے

الزام تم پر آئے گا ہوگی جو غرق آب

کشتی کے ناخدا ہو زمانہ گواہ ہے

مزید غزلیں از شرر غازی پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں