شرر فتح پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنی روداد کہوں یا غم دنیا لکھوں (غزل)
اپنی روداد کہوں یا غم دنیا لکھوں
کون سی بات کہوں کون سا قصہ لکھوں
باب تحریر میں ہے لوح و قلم پر تعزیر
برگ سادہ ہی پہ اب حرف تمنا لکھوں
شام تو شام تھی اب صبح کا منظر دیکھو
کس کی میں ہجو کہوں کس کا قصیدہ لکھوں
اس ستم پیشہ کا اعجاز ستم ہی ہوگا
دست قاتل کو اگر دست مسیحا لکھوں
اتنی بے ربط ہے تفصیل غم زیست شررؔ
خود سمجھنے کے لیے اس کا خلاصہ لکھوں
صحرا صحرا گلشن گلشن (غزل)
صحرا صحرا گلشن گلشن
گرد تمنا دامن دامن
نقش تحیر چہرہ چہرہ
حسن کرامت جوبن جوبن
ایک ہی صورت جلوہ جلوہ
ایک ہی مورت درپن درپن
شانہ شانہ گیسو گیسو
خوشبو چندن بن چندن بن
ابرو ابرو کڑی کمانیں
خنجر خنجر چتون چتون
کاجل کاجل جھلمل جھلمل
افشاں افشاں روشن روشن
روپ کی ٹھنڈک چاندی چاندی
تن کا سونا کندن کندن
رس میں ڈوبی سانس کی سرگم
نغمہ نغمہ دھڑکن دھڑکن
چھم چھم چھم چھم زینہ زینہ
آنگن آنگن چھن چھن چھن چھن
گھونگھٹ گھونگھٹ مکھڑا مکھڑا
کوندا کوندا چلمن چلمن
سجدہ سجدہ کعبہ کعبہ
پریم شوالا درشن درشن
کیسے رشتے کیسے ناتے
جینا مرنا بندھن بندھن
دل میں جوالا آنکھ میں آنسو
آگ کی برکھا ساون ساون
جوگن آنکھیں درس کی پیاسی
من بیراگی بھٹکے بن بن