پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شرافت حسین کی غزلیں — Sharafat Husain Ghazals

شرافت حسین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

منزل دشوار سر کرتے ہوئے (غزل)

منزل دشوار سر کرتے ہوئے

تھک گئے ہم تو سفر کرتے ہوئے

چل رہی ہیں نفرتوں کی آندھیاں

پیار کا گلشن کھنڈر کرتے ہوئے

دیکھتے ہیں شہر میں اب خاک و خوں

پتھروں کا دل جگر کرتے ہوئے

اٹھ رہے ہیں کچھ سیاسی لوگ پھر

بستیوں میں شور و شر کرتے ہوئے

جشن آزادی منائیں کب تلک

ظلم سے صرف نظر کرتے ہوئے

یاد آئیں کچھ پرائی صحبتیں

آنسوؤں سے آنکھ تر کرتے ہوئے

موت گزری ہے شرافتؔ قلب سے

زندگی کو باخبر کرتے ہوئے

یہ کیسی بے قراری ہو رہی ہے (غزل)

یہ کیسی بے قراری ہو رہی ہے

طبیعت آج بھاری ہو رہی ہے

وفاؤں کے پرندے اڑ چلے ہیں

دلوں میں برف باری ہو رہی ہے

مری معصوم بستی جل نہ جائے

ہوا شعلے میں یاری ہو رہی ہے

یہ نسل و ذات کی فرقہ پرستی

عجب تقسیم کاری ہو رہی ہے

مخالف گھات میں ہے سرحدوں پر

وطن میں فوجداری ہو رہی ہے

شرافتؔ زندگی عنواں تھا جس کا

کہانی ختم ساری ہو رہی ہے

ہم جسے کہتے تھے جنت (نظم)

ہم جسے کہتے تھے جنت

کیا یہی کشمیر ہے

شاعرو تم ہی بتاؤ

اب جو یہ تصویر ہے

کیا وہی کشمیر ہے

جس کی صبح و شام پر

عظمتوں کے نام پر

سیکڑوں نظمیں لکھیں اجداد نے

داستانیں کیں رقم

وہ فرشتوں کی طرح معصوم سارے ہی بشر

پاک دامن وہ پری چہرہ حسینائیں

کہ جن کو

حور وہ کہتے رہے لکھتے رہے

اور دنیا میں یہی چرچا کیا

اس زمیں پر ہے اگر جنت کہیں

بس یہیں ہے بس یہیں ہے بس یہیں

جھیل کا درپن

سجیلے مرغزار

آسماں سے بات کرتے دیودار

جھومتے گاتے مچلتے آبشار

شاہراہوں پر سفیدے کی قطار

برف میں لپٹے پہاڑوں کے بدن

ڈل کے سینے پر شکاروں کی پھبن

کوہساروں سے پرے نیلا گگن

مختلف موسم چناروں کے بدلتے پیرہن

دیکھ کر سارے مناظر دل نشیں

جانے کتنے ہی مصور نے بنائے شاہکار

اور پھر تشہیر کی

جنت کشمیر کی

سچ بتاؤ شاعرو نقاش و افسانہ گرو

کیا یہی وہ جنت کشمیر ہے

ہر طرف مایوسیاں محرومیاں

بے یقینی زندگی غارت گری

موت کے سائے سروں پر ہر گھڑی

خوف و دہشت کو بہ کو

زعفرانی خوشبوؤں میں بس گئی بارود بو

گل کدوں کے پاس فوجی چوکیاں

نفرتوں کے درمیاں

خواب ہو کر رہ گیا امن و اماں

سچ بتاؤ شاعرو صورت گرو

کیا وہی کشمیر ہے جنت نشاں

مزید غزلیں از شرافت حسین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں