پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شرافت علی شاہؔ کی غزلیں — Sharafat Ali Shah Ghazals

شرافت علی شاہؔ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کار بے کار کی حسرت ہی نہیں (غزل)

کار بے کار کی حسرت ہی نہیں

زندگی مجھ کو غنیمت ہی نہیں

پایا تجھ کو تو یہ جانا ہم نے

حاصل زیست مسرت ہی نہیں

وصل تو ان کا میسر ہے مگر

اب کسی چیز سے رغبت ہی نہیں

اے ترے ناز اٹھانے کے لیے

اب دل زار فراغت ہی نہیں

ہم نے تو بارہا یہ چاہا مگر

لب کشائی کی اجازت ہی نہیں

جوگیا درد سے تو چور ہے دل

اب ہمیں درد کی وحشت ہی نہیں

جوگیؔ یک طرفہ تماشا ہے یہاں

بات کرنے کی ضرورت ہی نہیں

نک چڑھی بام پر چڑھی ہوگی (غزل)

نک چڑھی بام پر چڑھی ہوگی

’’چاند کی عید ہو گئی ہوگی‘‘

یہ دیا بے سبب نہیں روشن

اب وہاں شام ہو چکی ہوگی

راکھ دل کی کریدتی ہوگی

وہ بھی برباد تو ہوئی ہوگی

نامہ بر خط نیا یہ دے آنا

وہ پرانا ہی چومتی ہوگی

آج کیوں دل ہے بے قرار بہت

بحث و تکرار ہو گئی ہوگی

دل کہاں بے سبب دھڑکتا ہے

بات کوئی تو ان کہی ہوگی

’’شور برپا ہے خانۂ دل میں‘‘

پھر سے دیوار گر گئی ہوگی

اس کی آنکھوں میں پڑ گئے حلقے

رات بھر وہ بھی جاگتی ہوگی

جوگیؔ وہم و خیال ہے تیرا

وہ ترے خواب دیکھتی ہوگی

خوش گمانی ہے رقص مے کش کی

مے کی بوتل بھی ناچتی ہوگی

ہستی اکتا گئی ہے بستی سے

اب کہیں دور جھونپڑی ہوگی

’’وقت رہتا نہیں کہیں ٹک کر‘‘

دل کی خصلت بھی وقت سی ہوگی

روح اور جسم کے تفاوت میں

خاک تشریف آوری ہوگی

بات گہری نہ کیجیے صاحب

نازکی بات سن رہی ہوگی

مزید غزلیں از شرافت علی شاہؔ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں