شرف مجددی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تڑپ کے لوٹ کے آنسو بہا کے دیکھ لیا (غزل)
تڑپ کے لوٹ کے آنسو بہا کے دیکھ لیا
لگی نہ دل کی تجھے دل لگا کے دیکھ لیا
کسی نے داد نہ دی کچھ فسانۂ دل کی
انہیں بھی درد محبت سنا کے دیکھ لیا
کسے امید تھی آؤ گے تم دم آخر
بڑا کمال کیا تم نے آ کے دیکھ لیا
کہا تھا میں نے کہ دشوار دل کا لینا ہے
وہ بولے دور سے مجھ کو دکھا کے دیکھ لیا
غضب کیا کہ چکھا کر مے سخن کا مزا
شرفؔ سے شخص کو بے خود بنا کے دیکھ لیا
آنکھوں کو سوجھتا ہی نہیں کچھ سوائے دوست (غزل)
آنکھوں کو سوجھتا ہی نہیں کچھ سوائے دوست
کانوں میں آ رہی ہے برابر صدائے دوست
کیسی وفا ستم سے بھی اس نے اٹھائے ہاتھ
رہ رہ کے یاد اب آتی ہے طرز جفائے دوست
سینے میں داغ ہائے محبت کی ہے بہار
پھولا ہے خوب یہ چمن دل کشائے دوست
دل میں مرے جگر میں مرے آنکھ میں مری
ہر جا ہے دوست اور نہیں ملتی ہے جائے دوست
مدت سے پاؤں توڑے ہوئے بیٹھے تھے شرفؔ
آخر اڑا کے لے ہی چلی اب ہوائے دوست
مزید غزلیں از شرف مجددی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں