پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شعور آشنا کی غزلیں — Shaoor Ashna Ghazals

شعور آشنا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خلوص و پیار سے کشکول دل کا بھرنا بھی (غزل)

خلوص و پیار سے کشکول دل کا بھرنا بھی

کسی کے غم میں عبادت ہے آہ کرنا بھی

کلی کی آنکھ بھر آئی یہ سوچ کر شاید

بس ایک رات میں کھلنا بھی ہے بکھرنا بھی

نہ جانے کس لیے ہم لوگ بھول بیٹھے ہیں

کہ پل صراط سے اک روز ہے گزرنا بھی

بس ایک لمحے سے ہوتا ہے اک صدی کا جنم

صدی کی موت ہے لمحے کا قتل کرنا بھی

سمٹنا دن کا ابھی تک ہے میری آنکھوں میں

غرور شب کا نگاہوں میں ہے بکھرنا بھی

وہ ہر مقام پہ بے خوف ہو کے بولے گا

وہ جانتا ہے ہر اک پل خدا سے ڈرنا بھی

جھلس کے رہ گئے جب سایہ دار پیڑ شعورؔ

تو کیا عجب ہے شگوفوں کا رنگ اترنا بھی

ذائقہ افواہ کا اس بار کچھ نمکین تھا (غزل)

ذائقہ افواہ کا اس بار کچھ نمکین تھا

نرغۂ زاغ و زغن میں سنتے ہیں شاہین تھا

آپ آئے تو ہوئی ہے آدمیت سرفراز

ورنہ بیٹی کا جنم بھی باعث توہین تھا

جرم پر بیٹے کو بھی بخشا نہ منصف باپ نے

کیا عدالت تھی ہماری اور کیا آئین تھا

باطنی پیچیدگی سے روح تھی زخمی مری

ظاہراً تو پاؤں کے نیچے مرے قالین تھا

آج اپنی قوم کا احساس جاگا ہے شعورؔ

ورنہ اس کی بے حسی پر دل بہت غمگین تھا

مزید غزلیں از شعور آشنا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں