پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شان الرحمن کی غزلیں — Shanur Rahman Ghazals

شان الرحمن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گلوں سے بیر ہے کانٹوں سے آشنائی ہے (غزل)

گلوں سے بیر ہے کانٹوں سے آشنائی ہے

یہ کیسا شہر ہے کیسی یہاں خدائی ہے

قدم قدم پہ مسیحا بنے ہو تم میرے

قدم قدم پہ مرے دل نے چوٹ کھائی ہے

بھری بہار میں جس نے مجھے جلا ڈالا

وہ کوئی اور نہیں ہے وہ میرا بھائی ہے

ہم اپنے عہد رفاقت کو کیا کریں مولا

جہاں بھی جائیں وہاں موسم جدائی ہے

ہمارے پیٹ کے پتھر پہ طنز مت کرنا

ہمارے گھر میں پیمبر کی رسم آئی ہے

اس نے آنکھیں موند لیں اب کوئی رت آیا کرے (غزل)

اس نے آنکھیں موند لیں اب کوئی رت آیا کرے

یہ جہاں اپنے کئے پر لاکھ پچھتایا کرے

اب کوئی منظر ہمیں گمراہ کر سکتا نہیں

زندگانی چاہے جتنے خواب دکھلایا کرے

جھوٹ کیا ہے سچ ہے کیا سب کچھ ہمیں معلوم ہے

قاعدے قانون دنیا لاکھ سمجھایا کرے

زندگانی اور مجھ میں روز اک تکرار ہے

میں اسے سمجھاؤں اور یہ مجھ کو سمجھایا کرے

گر یہ پاگل پن نہیں اس کا تو آخر کیا کہیں

روز لے کر آئنہ اندھوں کو دکھلایا کرے

مزید غزلیں از شان الرحمن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں