شنکر لال شنکر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ایک کافر سے محبت ہو گئی (غزل)
ایک کافر سے محبت ہو گئی
زندگی کٹنی مصیبت ہو گئی
ہر تمنا دل سے رخصت ہو گئی
آس کیا ٹوٹی کہ فرصت ہو گئی
عشق نے پہنچا دیا اس حال کو
دیکھنے والوں کو عبرت ہو گئی
اب نہ چاہیں گے کسی کو بھول کر
تم کو دل دے کر نصیحت ہو گئی
یہ جنون عشق کے انداز ہیں
اپنے سائے سے بھی وحشت ہو گئی
جس نے اس کو پا لیا وہ کھو گیا
جس نے دیکھا اس کو حیرت ہو گئی
دل میں ہی رکھنی تھی شنکرؔ دل کی بات
منہ سے نکلی تو شکایت ہو گئی
قاصد نہیں یہ وقت سوال و جواب کا (غزل)
قاصد نہیں یہ وقت سوال و جواب کا
اب حال غیر ہے دل خانہ خراب کا
تم دیکھنے کی چیز ہو دیکھا کرے کوئی
یہ حسن یہ جمال یہ عالم شباب کا
تمہید بے خودی تھا کہاں تھا حواس و ہوش
خلوت میں آ کے ان کا الٹنا نقاب کا
کیا آتش فراق نے دل پر اثر کیا
ان آنسوؤں میں میرے مزا ہے کباب کا
ہم نے تو اپنی آنکھ سے دیکھا نہیں انہیں
قصہ سنا ہے حضرت شنکرؔ کے خواب کا