پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شناور اسحاق کی غزلیں — Shanawar Ishaq Ghazals

شناور اسحاق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جہاں سے آئے تھے شاید وہیں چلے گئے ہیں (غزل)

جہاں سے آئے تھے شاید وہیں چلے گئے ہیں

وہ صاحبان بشارت کہیں چلے گئے ہیں

زمیں پہ رینگتے رہنے کو ہم جو ہیں موجود

جو اہل شرم تھے زیر زمیں چلے گئے ہیں

بہشت ہے کہ نہیں ہے یہ تو ہی جانتا ہے

ترے فقیر بہ نام یقیں چلے گئے ہیں

دکھائی دیں گے کبھی وقت کے جھروکوں سے

وہ لوگ اب بھی یہیں ہیں ہمیں چلے گئے ہیں

وہی ہوا ہے جو ہوتا ہے سونے والوں سے

اے میرے دل ترے پہلو نشیں چلے گئے ہیں

ہماری آنکھ شناورؔ ہوئی ہے کیا نمناک

سخن سراؤں سے زہرا جبیں چلے گئے ہیں

کسی خیال کی شبنم سے نم نہیں ہوتا (غزل)

کسی خیال کی شبنم سے نم نہیں ہوتا

عجیب درد ہے بڑھتا ہے کم نہیں ہوتا

میں آ رہا ہوں ابھی چوم کر بدن اس کا

سنا تھا آگ پہ بوسہ رقم نہیں ہوتا

تمہارے ساتھ میں چل تو رہا ہوں چلنے کو

ہر اک ہجوم میں لیکن میں ضم نہیں ہوتا

میں ایسے خطۂ زرخیز کا مکیں ہوں جہاں

صنم تراش کو پتھر بہم نہیں ہوتا

جنہیں یہ ضد ہو کہ چوٹی تلک پہنچنا ہے

انہیں پہاڑ سے گرنے کا غم نہیں ہوتا

مزید غزلیں از شناور اسحاق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں