پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شان حیدر بیباک امروہوی کی غزلیں — Shan E Haider Bebak Amrohvi Ghazals

شان حیدر بیباک امروہوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حسد کسی سے نہ رنج و ملال رکھتے ہیں (غزل)

حسد کسی سے نہ رنج و ملال رکھتے ہیں

ہم اپنی ذات عدیم المثال رکھتے ہیں

کسی کے عیب پہ ٹکتی نہیں ہماری نگاہ

نظر میں حسن تو دل میں جمال رکھتے ہیں

ہماری بات کسی کو گراں نہ ہو جائے

کہیں پہ بولیں تو اس کا خیال رکھتے ہیں

حضور یار بھلا کیسے عرض حال کریں

ہم ایسی تاب نہ ایسی مجال رکھتے ہیں

اسے ابھرنے کا موقع کبھی نہیں دیتے

وگرنہ ورثے میں ہم بھی جلال رکھتے ہیں

یہ اور بات کہ انجانے لغزشیں ہو جائیں

مگر شعور حرام و حلال رکھتے ہیں

صلہ وفاؤں کا کیوں بے وفائی ہوتا ہے

تمہارے سامنے ہم یہ سوال رکھتے ہیں

اچھل کے چلتے نہیں اور رینگتے بھی نہیں

ہمیشہ چال میں ہم اعتدال رکھتے ہیں

ہمارے چہرے کو ہر ایک پڑھ نہیں سکتا

ہم اپنے آپ میں یہ بھی کمال رکھتے ہیں

وہ جس نے چھینی متاع حیات اے ببیاکؔ

ہم اس سے بھی تو تعلق بحال رکھتے ہیں

تم تو کہتے تھے کہ جھگڑے میں ہوا کچھ بھی نہیں (غزل)

تم تو کہتے تھے کہ جھگڑے میں ہوا کچھ بھی نہیں

میں نے دیکھا ہے کہ بستی میں رہا کچھ بھی نہیں

خرمن ہوش و خرد جل گئے انسانوں کے

ان کا دعویٰ ہے فسادوں میں جلا کچھ بھی نہیں

اف وہ حالات سے سہمی ہوئی بے بس لڑکی

سر جھکائے ہوئے کہتی ہے لٹا کچھ بھی نہیں

مصلحت کوشی کی قینچی جو چلی خبروں پر

شائع اخبار ہوئے ان میں چھپا کچھ بھی نہیں

اس لئے ہو گئی زرخیز جرائم کی زمیں

مجرموں کے لئے دنیا میں سزا کچھ بھی نہیں

جو یہ کہتے ہیں اہنسا کی زمیں ہے بھارت

ان کی آنکھوں میں تو سپنوں کے سوا کچھ بھی نہیں

اب حسیں چہروں پہ ملتی ہے تصنع کی نقاب

غمزہ و عشوہ و انداز و ادا کچھ بھی نہیں

ایسا بدلا ہے زمانے کا چلن اے ہمدم

پیار ناپید ہوا مہر و وفا کچھ بھی نہیں

جانے کیوں تیر ستم چلتے ہیں ہم پر ببیاکؔ

اپنا مسلک تو محبت کے سوا کچھ بھی نہیں