شمس الدین تاباں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دھواں دھواں سی فضا میں ہے کائنات ابھی (غزل)
دھواں دھواں سی فضا میں ہے کائنات ابھی
نکھر سکا نہ کوئی منظر حیات ابھی
ہم ان سے مل کے یہ محسوس کرنے لگتے ہیں
جہاں میں باقی ہے رسم تکلفات ابھی
سنا چکوں تو انہیں داستان حسرت دل
خدا کرے کہ رہے ایک دن تو رات ابھی
انہیں گئے ہوئے عرصہ ہوا مگر جیسے
ہے میرے ہاتھ میں وہ نرم نرم ہات ابھی
نگاہ مہر ہو یا قہر ہو مگر کچھ ہو
امیدوار ہے محروم التفات ابھی
کہیں تو چاند ستارے ہیں گرد راہ حیات
کہیں دلوں پہ ہے گرد توہمات ابھی
غم حبیب میں جی سے گزر گئے تاباںؔ
غم حیات سے ہے زندگی کا سات ابھی
بڑھائیے نہ زمانے سے رسم و راہ بہت (غزل)
بڑھائیے نہ زمانے سے رسم و راہ بہت
پری جمالوں کے ہوتے ہیں خیر خواہ بہت
ستائش لب و رخسار کچھ خطا تو نہ تھی
ذرا سی بات پہ بگڑے وہ خواہ مخواہ بہت
رخ و جبیں پہ جو ان کے کبھی نظر کرتے
نہ آب و تاب دکھاتے یہ مہر و ماہ بہت
جنون عشق نے منزل کو جا لیا ورنہ
قدم قدم پہ ہوئی عقل سد راہ بہت
زمانہ اب بھی ہے فرہاد و قیس پہ ناقد
محبتوں کے خطا وار کم گواہ بہت
یہ جبر و قدر ہیں کیا خیر و شر ہیں کیا لیکن
گئے گناہ بہت کم ہوئے گناہ بہت
کچھ اور فکر سخن کا صلہ ہو کیا تاباںؔ
تمہاری آہ کو ملتی ہے واہ واہ بہت