پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شمس الدین اعجاز کی غزلیں — Shamsuddin Ejaz Ghazals

شمس الدین اعجاز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

روؤں تو خشک آنکھ میں آنسو کہاں سے آئے (غزل)

روؤں تو خشک آنکھ میں آنسو کہاں سے آئے

بولوں تو بھی زبان پہ قابو کہاں سے آئے

بہنو تمہاری مانگ کا سیندور کیا ہوا

بچوں تمہارے ہاتھ میں چاقو کہاں سے آئے

انصاف کا لحاظ نہ تقسیم کا شعور

ان بندروں کے ہاتھ ترازو کہاں سے آئے

وہ احترام مسجد و مندر کہاں گئے

یہ سادھوؤں کے بھیس میں ڈاکو کہاں سے آئے

ہیں ایک گھر کے لوگ یہاں غیر کون ہے

پھر یہ معاملات من و تو کہاں سے آئے

آپس کی رنجشیں ہیں کہ باہر کی سازشیں

یہ ضد یہ اختلاف کے پہلو کہاں سے آئے

اللہ کیسے آ گئی لفظوں میں روشنی

میری بیاض شعر میں جگنو کہاں سے آئے

غم کسی اور کا رونا میرا (غزل)

غم کسی اور کا رونا میرا

کھیل اس کا ہے کھلونا میرا

سارا گھر ہے بہو بچوں کے لئے

میرا حصہ یہی کونا میرا

سب یہیں چھوڑ کے جانا ہوگا

اوڑھنا ہے نہ بچھونا میرا

میں اگر ہوں تو بھی حاصل کیا ہے

اس سے اچھا نہیں ہونا میرا

وقت کی آگ بری ہوتی ہے

کوئلہ بن گیا سونا میرا

آئنہ رنگ دکھاتا ہے الگ

ورنہ چہرہ ہے سلونا میرا

گہرے پانی میں اتر کر اعجازؔ

دیکھ دامن نہ بھگونا میرا

مزید غزلیں از شمس الدین اعجاز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں