شمسی مینائی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تحریر بدلتی ہے تقدیر بدلتی ہے (غزل)
تحریر بدلتی ہے تقدیر بدلتی ہے
ماحول بدلنے سے تدبیر بدلتی ہے
جب رنگ بدلتا ہے اس چشم فسوں گر کا
ہر جرعۂ صہبا کی تاثیر بدلتی ہے
یہ کیا تری نسبت سے ہر شے میں تلون ہے
ہر لمحہ ترے غم کی تصویر بدلتی ہے
ہوتا ہے اک عرصہ تک جب خون تمنا کا
تب خواب محبت کی تعبیر بدلتی ہے
وہ کچھ بھی کہیں لیکن میں خوب سمجھتا ہوں
اک جنبش مژگاں سے تقدیر بدلتی ہے
آزادی کے دیوانے قیدی کو خبر دے دو
ہوتی ہے رہائی کب زنجیر بدلتی ہے
تری نگاہ سے جب بھی مری نگاہ ملی (غزل)
تری نگاہ سے جب بھی مری نگاہ ملی
مجھے تو گردش ایام سے پناہ ملی
ہمیں تو تیرے تبسم پہ جان دینی ہے
کلی کلی کو جو دیکھا تیری گواہ ملی
رہ وفا میں ترے غم کی بخششیں کیا خوب
دلوں کو سوز ملا ہے لبوں کو آہ ملی
مجھے تو صرف یہ کہنا ہے اپنے دل کے لئے
بھٹکنے والی وفا کو قیام گاہ ملی
نہ جانے جائے کہاں لے کے دل کی بیتابی
قدم قدم پہ مجھے یوں تو جلوہ گاہ ملی
عجیب حال میں رہتے ہیں فن کے مارے بھی
زباں امیر ملی زندگی تباہ ملی
سب کچھ ہے اپنے دیس میں روٹی نہیں تو کیا (نظم)
سب کچھ ہے اپنے دیس میں روٹی نہیں تو کیا
وعدہ لپیٹ لو جو لنگوٹی نہیں تو کیا
عالم بڑے بڑے ہیں تو لیڈر گلی گلی
بارش ہے افسروں کی تو دفتر گلی گلی
شاعر ادیب اور سخنور گلی گلی
سقراط در بدر ہیں سکندر گلی گلی
حاکم ہیں ایسے دیش کا قانون توڑ دیں
رشوت ملے تو قتل کے مجرم بھی چھوڑ دیں
نگراں جو ملزمان کی آنکھیں بھی پھوڑ دیں
سرجن ہیں ایسے پیٹ میں اوزار چھوڑ دیں
ہر قسم کی جدید عمارت ہمارے پاس
ہر ایک پردہ دار تجارت ہمارے پاس
اپنوں کو لوٹنے کی جسارت ہمارے پاس
کھیلوں میں ہارنے کی مہارت ہمارے پاس
ہر کام چل رہا ہے یہاں پر بیان سے
سرکار کے ستون تو رہتے ہیں شان سے
قرضہ تو مل رہا ہے ہمیں ہر دکان سے
خیرات آ رہی ہے بڑی آن بان سے
یہ نور کا نہیں تو سیاہی کا طور ہے
ہر جھوٹ ہر گناہ کا ہم کو شعور ہے
دنیا کے اور دیسوں کو دھن پر غرور ہے
فن گداگری پہ ہمیں بھی عبور ہے
جنتا سے کہہ دو شور مچانا فضول ہے
تکلیف کا بیان سنانا فضول ہے
شاہان قوم کو تو ستانا فضول ہے
سوتے ہیں سکھ کی نیند جگانا فضول ہے