شمس الرحمن فاروقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ادھر سے دیکھیں تو اپنا مکان لگتا ہے (غزل)
ادھر سے دیکھیں تو اپنا مکان لگتا ہے
اک اور زاویے سے آسمان لگتا ہے
جو تم ہو پاس تو کہتا ہے مجھ کو چیر کے پھینک
وہ دل جو وقت دعا بے زبان لگتا ہے
شروع عشق میں سب زلف و خط سے ڈرتے ہیں
اخیر عمر میں ان ہی میں دھیان لگتا ہے
سرکنے لگتی ہے تب ہی قدم تلے سے زمین
جب اپنے ہاتھ میں سارا جہان لگتا ہے
دو چار گھاٹیاں اک دشت کچھ ندی نالے
بس اس کے بعد ہمارا مکان لگتا ہے
ان کا خیال ہر طرف ان کا جمال ہر طرف (غزل)
ان کا خیال ہر طرف ان کا جمال ہر طرف
حیرت جلوہ رو بہ رو دست سوال ہر طرف
مجھ سے شکستہ پا سے ہے شہر کی تیرے آبرو
چھوڑ گئے مرے قدم نقش کمال ہر طرف
ہم ہیں جواں بھی پیر بھی ہم ہیں عدم بھی زیست بھی
ہم ہیں اسیر حلقۂ قول محال ہر طرف
نغمہ گرا ہے بوند بوند پھر بھی اٹھی ہے کتنی گونج
اڑتی پھرے ہے ذہن میں گرد خیال ہر طرف
قلب حیات و موت سے مل نہ سکا کوئی جواب
پھینکا کیے ہیں گرچہ ہم سنگ سوال ہر طرف
دانت بڑے ہوں (نظم)
دانت بڑے ہوں
تو بھی کوئی بات نہیں
کان کھڑے ہوں
ڈانٹ پڑی ہو
دھوپ کڑی ہو
ادھم بڑا ہو
کوئی لڑا ہو
بچوں کا گھر میں آنے دو
دھومیں ان کو مچانے دو