شمشاد سحر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دنیا عجیب کھیل تماشا لگے مجھے (غزل)
دنیا عجیب کھیل تماشا لگے مجھے
ہر آدمی ہجوم میں تنہا لگے مجھے
گونگے مجاہدوں کا یہ ٹھہرا ہوا جلوس
پرچھائیوں کا ایک جزیرہ لگے مجھے
بازار سنگ و خشت میں سو نازکی کے ساتھ
اپنی حیات کانچ کی گڑیا لگے مجھے
سورج مکھی کی طرح بدلتی ہے رخ حیات
جب آفتاب وقت ابھرتا لگے مجھے
اس درجہ موج خوں ہے رگوں میں شرر فشاں
عمر رواں تو آگ کا دریا لگے مجھے
پو پھوٹتے ہی دور نکل جاؤں گا سحرؔ
سنسار ایک رین بسیرا لگے مجھے
زندگی ذوق پرستش کی سزا مانگے ہے (غزل)
زندگی ذوق پرستش کی سزا مانگے ہے
کانچ کے کعبے میں پتھر کا خدا مانگے ہے
آج پھر اپنے پیمبر کی پناہوں کے لئے
عہد آشوب کوئی غار حرا مانگے ہے
زندگی آج ہے انسان کی تو مثل قفس
عمر پیہم کے لئے اپنی چتا مانگے ہے
حسن کاری کے لئے آج یہ دل دار سخن
رنگ خوں اور ذرا بوئے حنا مانگے ہے
منت گوش نہیں قافلۂ وقت سحرؔ
لمحہ لمحہ وہ مگر بانگ درا مانگے ہے