پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شمشاد شاد کی غزلیں — Shamshad Shaad Ghazals

شمشاد شاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بہانے ڈھونڈ نہ یوں ہم سے دور جانے کے (غزل)

بہانے ڈھونڈ نہ یوں ہم سے دور جانے کے

گئے جو دور تو پھر پاس ہم نہ آنے کے

نظر ملا کے یکایک نظر جھکا لینا

طریقے خوب نکالے ہیں ہوش اڑانے کے

گلوں پہ رنگ چڑھا ہے مہک رہی ہے فضا

کہ موسم آ گئے کلیوں کے ناز اٹھانے کے

نمک لئے ہوئے پھرتے ہیں لوگ مٹھی میں

جگر کے زخم کسی کو نہ ہم دکھانے کے

پیا ہے ہم نے میاں گھاٹ گھاٹ کا پانی

ہر ایک طور سے واقف ہیں ہم زمانے کے

میں کام اس لئے لیتا ہوں درگزر سے جناب

کہ دن رہے نہ مرے آستیں چڑھانے کے

اے شادؔ کھل گئی ہم پر جہاں کی اصلیت

کسی کے جھانسے میں اب ہم کبھی نہ آنے کے

بھروسہ ہر کسی کا کھو چکے ہیں (غزل)

بھروسہ ہر کسی کا کھو چکے ہیں

سر بازار رسوا ہو چکے ہیں

غلامی کر رہے ہیں خواہشوں کی

دلوں کی حکمرانی کھو چکے ہیں

توقع ہے محبت کے ثمر کی

اگرچہ فصل نفرت بو چکے ہیں

نہ رکھ ان سے مدد کی آس کوئی

ضمیر ان سب کے مردہ ہو چکے ہیں

بھلا باہر سے کیسے صاف ہوں گے

یہ جب اندر سے میلے ہو چکے ہیں

صداقت بھائی چارہ پیار اخوت

یہ سب ماضی کے قصے ہو چکے ہیں

جہاں پر کفر حاوی ہو رہا ہے

یہ لگتا ہے مسلماں سو چکے ہیں

نجات اب تو ملے رنج و الم سے

دکھوں کا بوجھ کافی ڈھو چکے ہیں

جو موت آئے تو راحت ہو میسر

پریشاں زندگی سے ہو چکے ہیں

مگر وہ سنگ دل اب تک نہ پگھلا

کئی بار اس کے آگے رو چکے ہیں

نتیجے میں ہم اپنی غفلتوں کے

وقار اے شادؔ اپنا کھو چکے ہیں

مزید غزلیں از شمشاد شاد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں