شمس الرحمٰن شمس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ الگ بات کہ الفت نے دیا کچھ بھی نہیں (غزل)
یہ الگ بات کہ الفت نے دیا کچھ بھی نہیں
ہم ہیں برباد مگر اس کا گلہ کچھ بھی نہیں
اس نے چپ رہ کے سوالوں کے جوابات دئیے
اور میں نے بھی سر بزم کہا کچھ بھی نہیں
دیکھیے کس میں کمی ہے کہ اٹھائے ہوئے ہاتھ
عمر بھر اٹھے رہے اور ملا کچھ بھی نہیں
صرف تنہائی یہ اشکوں کی جھڑی اور آہیں
یہ تو پھر جرم محبت کی سزا کچھ بھی نہیں
بیچ کر خود کو جو پانا تھا وہ پایا سب کچھ
اور پایا تو کھلا اس میں مرا کچھ بھی نہیں
پانے اور کھونے کی یہ کونسی منزل ہے کہ اب
ہاتھ اٹھے ہیں مگر دل میں دعا کچھ بھی نہیں
تیرے دل میں خود کو اک دن بو دوں گا (غزل)
تیرے دل میں خود کو اک دن بو دوں گا
تیری آنکھ سے بن کر ساون نکلوں گا
جانے کب سے دھیان لگائے بیٹھا ہوں
دستک ہوگی اور دروازہ کھولوں گا
رخصت کے لمحے جو میرا حال ہوا
واپس آئے گا تو اس سے کہہ دوں گا
مجھ کو تم سے پیار نہیں ہے سچ ہے یہ
آج بھی اس سے جھوٹ یہی میں بولوں گا
وہم ہے میرا یا تو ایک حقیقت ہے
اب کے تجھ کو ہاتھ لگا کر دیکھوں گا
سیکھ رہا ہوں دنیا داری کچھ دن سے
یعنی اب میں جھوٹ بھی سچے بولوں گا
تنہائی میں رات کہاں پر کٹتی ہے
امشب اپنا پیچھا کر کے دیکھوں گا