شمس زبیری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم ترک تعلق کا گلا بھی نہیں کرتے (غزل)
ہم ترک تعلق کا گلا بھی نہیں کرتے
تم اتنے خفا ہو کہ جفا بھی نہیں کرتے
تم شوق سے اعلان جفا پر رہو نازاں
ہم جرأت اظہار وفا بھی نہیں کرتے
مانا کہ ہنسی بھی ہے ادا آپ کی لیکن
اتنا کسی بیکس پہ ہنسا بھی نہیں کرتے
ہم جرأت گفتار کے قائل تو ہیں لیکن
ہر بات سر بزم کہا بھی نہیں کرتے
ہر حال میں مقصد ہے سفر محو سفر ہیں
ناکامی پیہم کا گلا بھی نہیں کرتے
مدت سے ہے خاموش فضا دار و رسن کی
اب جرم وفا اہل وفا بھی نہیں کرتے
کیا جانئے کس رنگ میں ہے شمس زبیریؔ
بت ایک طرف ذکر خدا بھی نہیں کرتے
کچھ اس طرح وہ نگاہیں چرائے جاتے ہیں (غزل)
کچھ اس طرح وہ نگاہیں چرائے جاتے ہیں
کہ اور بھی مرے نزدیک آئے جاتے ہیں
اس التفات گریزاں کو نام کیا دیجے
جواب دیتے نہیں مسکرائے جاتے ہیں
نگاہ لطف سے دیکھو نہ اہل دل کی طرف
دلوں کے راز زبانوں پہ آئے جاتے ہیں
وہ جن سے ترک تعلق کو اک زمانہ ہوا
نہ جانے آج وہ کیوں یاد آئے جاتے ہیں
تمہاری بزم کی کچھ اور بات ہے ورنہ
ہم ایسے لوگ کہیں بن بلائے جاتے ہیں
یہ دل کے زخم بھی کتنے عجیب ہیں اے شمسؔ
بہار ہو کہ خزاں مسکرائے جاتے ہیں