شمس فرخ آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بچھڑتے ٹوٹتے رشتوں کو ہم نے دیکھا تھا (غزل)
بچھڑتے ٹوٹتے رشتوں کو ہم نے دیکھا تھا
یہ وقت ہم پہ بھی گزرے گا یہ نہ سوچا تھا
نمی تھی پلکوں پہ بھیگا ہوا سا تکیہ تھا
پتہ چلا کہ کوئی خواب ہم نے دیکھا تھا
ہمارے ذہن میں اب تک اسی کی ہے خوشبو
تمہارے صحن میں بیلے کا ایک پودا تھا
کھرچ کے پھینک دوں کس طرح داغ یادوں کے
میں بھول جاتا وہ سب کچھ تو کتنا اچھا تھا
ہمارے حال کو دیکھو نگاہ عبرت سے
یہ بات ہم سے نہ پوچھو کہ کون کیسا تھا
جناب خضر کہاں آپ مجھ کو چھوڑیں گے
جو ساتھ چھوڑ گیا وہ بھی آپ جیسا تھا
ملے گا کیوں کسی دشمن کی آستیں پہ لہو
تمہارا شمسؔ نگاہ کرم کا مارا تھا
مرے اعتماد کو غم ملا مری جب کسی پہ نظر گئی (غزل)
مرے اعتماد کو غم ملا مری جب کسی پہ نظر گئی
اسی جستجو اسی کرب میں مری ساری عمر گزر گئی
کبھی بن کے عشق کی رازداں کبھی ہو کے آہ کی داستاں
کئی طرح تیرے حضور تک مرے حال دل کی خبر گئی
مجھے میرے حال پہ چھوڑ دو مرے دوستو یہ کرم کرو
مری عمر رفتہ کو دو صدا مجھے درد دے کے کدھر گئی
کبھی میکشوں سے خلوص تھا تری چشم شیشہ نواز کو
مگر اب یہ دور ہے ساقیا کہ نظر سے قدر بشر گئی
مجھے ضبط غم کا نہ دے سبق ذرا اپنے حال پہ کر نظر
مری الجھنوں کے خیال سے تری زلف بھی تو بکھر گئی
یہ تو وقت وقت کی بات ہے کوئی رو دیا کوئی ہنس دیا
مری واردات دل و نظر مری زندگی پہ گزر گئی
کسے ڈھونڈتے ہو نگر نگر کسے شہر شہر ہو پوچھتے
تمہیں شمسؔ جس کی تلاش ہے وہ نگاہ آئنہ گر گئی