شمس افتخاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مری آہ کو کچھ اثر چاہیئے (غزل)
مری آہ کو کچھ اثر چاہیئے
مجھے آپ کی اک نظر چاہیے
جنہیں زندگی میں نے کی ہے عطا
سنا ہے انہیں میرا سر چاہیے
ہو آسان رستہ تو پھر کیا مزہ
مجھے اک رہ پر خطر چاہیے
فقط تیرے وعدے سے ہوتا ہے کیا
ہمیں سر چھپانے کو گھر چاہیے
کرو اپنی ہمت کو دو چند تم
اگر نجم و شمس و قمر چاہیے
ضرورت تجھے میری ہو یا نہ ہو
ترا ساتھ مجھ کو مگر چاہیے
مبارک تمہیں ہو روش غیر کی
مجھے شمسؔ اپنی ڈگر چاہیے
ہے خزاں تو کبھی ہے بہار آدمی (غزل)
ہے خزاں تو کبھی ہے بہار آدمی
واقعی رب کا ہے شاہکار آدمی
مل کے دیکھو یقیناً سکوں پاؤ گے
کوئی مجھ سا نہیں غم گسار آدمی
پارسائی کی تھی دھوم جس کی بہت
حیف نکلا وہی داغ دار آدمی
وضع داری گئی اگلے لوگوں کے ساتھ
اب کہاں دہر میں وضع دار آدمی
اب کسی آدمی کا بھروسا نہیں
توڑ دیتا ہے دل بار بار آدمی
شمسؔ وہ بھی بہت پست پایا گیا
خود کو کہتا تھا جو با وقار آدمی
مزید غزلیں از شمس افتخاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں