شمس فریدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ ابتدا ہے ابھی باب اختتام کہاں (غزل)
یہ ابتدا ہے ابھی باب اختتام کہاں
لہو ترنگ کا قصہ ہوا تمام کہاں
لکھی ہے خون سے ہم نے حکایت ہستی
مگر کتاب میں ہوگا ہمارا نام کہاں
ہمارا نام نہ پوچھو نہ کچھ پتا پوچھو
ہماری صبح کہاں ہے ہماری شام کہاں
ہمیں تو کچھ بھی نہیں ہے خبر کہ اب کے ہم
اگر اٹھیں گے یہاں سے تو پھر قیام کہاں
متاع ہوش تو ہم میکدے میں کھو آئے
چلا ہے لے کے ہمیں اب سرور جام کہاں
جب بھی صلیب پر کوئی عیسیٰ دکھائی دے (غزل)
جب بھی صلیب پر کوئی عیسیٰ دکھائی دے
ساری فضا میں نور بکھرتا دکھائی دے
اس چاندنی کی زد سے بچا لے کوئی مجھے
میرا ہی سایہ مجھ کو ڈراتا دکھائی دے
پوشیدہ کائنات ہے اس سر زمین میں
دیکھو اسے جو دور سے نقطہ دکھائی دے
اس شہر درد و داغ میں کس کس کو ڈھونڈئیے
ہر شخص اپنے آپ میں چھپتا دکھائی دے
اے شمسؔ منتظر ہوں میں ساحل پہ شام سے
بادل ہٹے تو چاند کا مکھڑا دکھائی دے
کاغذ پہ پھیلے رنگوں کی (نظم)
کاغذ پہ پھیلے رنگوں کی
بے ربط لکیروں میں ڈھونڈو
ان رنگوں کو غور سے دیکھو
اجلے کالے نیلے پیلے رنگوں میں
پوشیدہ آنکھیں ہیں
اور آنکھیں کچھ بول رہی ہیں
کچھ آنکھوں میں خواب بسے ہیں
کچھ آنکھیں ہیں کھوئی کھوئی
کچھ آنکھوں میں بھری ہوئی ہے چنگاری سی
کچھ آنکھیں ہیں سہمی سہمی گھبرائی سی
کچھ آنکھوں سے خون کے قطرے ٹپک رہے ہیں
کچھ آنکھیں ہیں پتھرائی سی
بے حس آنکھیں
مردہ آنکھیں