شمیم قاسمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کھوٹا سکہ اک دن چل بھی سکتا ہے (غزل)
کھوٹا سکہ اک دن چل بھی سکتا ہے
راوی کا انداز بدل بھی سکتا ہے
دو پل کا ہے ساتھ مگر تنہائی میں
اندیشہ رسوائی کا پل بھی سکتا ہے
ماچس کی اک تیلی جیسی آنکھوں سے
حد نظر کا منظر جل بھی سکتا ہے
دنیا اس کی مجبوری میں شامل ہے
زیر زمیں وہ رہ کر پھل بھی سکتا ہے
نیکی کا دریا سے گہرا رشتہ ہے
شعلوں سے وہ بچ کے نکل بھی سکتا ہے
اس کی چاہت میں لازم ہے شدت بھی
وہ بشری پیکر میں ڈھل بھی سکتا ہے
سب سے پہلے تو عرض مطلع ہے (غزل)
سب سے پہلے تو عرض مطلع ہے
یوں سمجھئے کہ اس کا جلوہ ہے
آئینہ جھوٹ بولنے کے لیے
سو بہانے تلاش کرتا ہے
زندہ رکھے گی شاعری مجھ کو
کون کہتا ہے اس میں گھاٹا ہے
دل شاعر بھی ہے پھسڈی ہی
حسن کے پیچھے پیچھے رہتا ہے
سچ زمینی کہ آسمانی ہو
وہ بدن زندہ استعارہ ہے
کوئی اچھا سا شعر ہو جائے
پھر تو برسوں خموش رہنا ہے
اپنے بارے میں سوچنے کے لیے
دور سے چاند کا اشارہ ہے
چھو کے ملبوس یار ہے گزری
موڈ بگڑا ہوا صبا کا ہے
ہنر مند ہاتھوں کی مٹی سے (نظم)
ہنر مند ہاتھوں کی مٹی سے
میں نے بنایا
جو بہتے ہوئے پانیوں پہ مکاں
تو سچ یہ
زمانے کو کڑوا لگا
میں کہ مزدور تھا
ایک مجبور تھا
کوئی نایاب گوہر نہ تھا
میں کہ آذر نہ تھا
یہ تو اچھا ہوا
اے خدا
تو نے رکھیں سلامت مری انگلیاں