پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شمیم روش کی غزلیں — Shamim Ravish Ghazals

شمیم روش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آنکھوں میں ہجر چہرے پہ غم کی شکن تو ہے (غزل)

آنکھوں میں ہجر چہرے پہ غم کی شکن تو ہے

مجھ میں سجی ہوئی مگر اک انجمن تو ہے

سانسوں کو اس کی یاد سے نسبت ہے آج بھی

مجھ میں کسی بھی طور سہی بانکپن تو ہے

ہر صبح چہچہاتی ہے چڑیا منڈیر پر

ویران گھر میں آس کی کوئی کرن تو ہے

ممکن ہے اس کا وصل میسر نہ ہو مجھے

لیکن اس آرزو سے مرا گھر چمن تو ہے

ہر وقت محو رقص ہے چہرہ خیال میں

بے ربط زندگی ہے مگر دل مگن تو ہے

ہر لمحہ اس سے رہتا ہوں مصروف گفتگو

کہنے کو میرے ساتھ کوئی ہم سخن تو ہے

میرے لیے یہ بات ہی کافی ہے اے روشؔ

کچھ بھی ہو مجھ میں اب بھی مرا اپنا پن تو ہے

مرے اطراف یہ کیسی صدائیں رقص کرتی ہیں (غزل)

مرے اطراف یہ کیسی صدائیں رقص کرتی ہیں

کہ یوں لگتا ہے مجھ میں اپسرائیں رقص کرتی ہیں

اسی امید پر شاید کبھی خوشبو کوئی اترے

مری یادوں کے آنگن میں ہوائیں رقص کرتی ہیں

میسر ہی نہیں آتی مجھے اک پل بھی تنہائی

کہ مجھ میں خواہشوں کی خادمائیں رقص کرتی ہیں

مجھے ہر شام اک سنسان جنگل کھینچ لیتا ہے

اور اس کے بعد پھر خونی بلائیں رقص کرتی ہیں

کبھی دیکھا ہے تم نے شام کا منظر جب آنکھوں میں

ستارے ٹوٹتے ہیں اور گھٹائیں رقص کرتی ہیں

کسی کی چاہ میں کوئی روشؔ جب جان دیتا ہے

زمیں سے آسماں تک آتمائیں رقص کرتی ہیں

مزید غزلیں از شمیم روش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں